رینجرز کے تعاون سے پنجاب پولیس کا کچے میں آپریشن، 2 ڈاکو ہلاک، 7 زخمی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) سندھ و پنجاب کے کچے کے سرحدی علاقے میں پنجاب پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کر کے 2 ڈاکو ہلاک کر دیئے جبکہ کارروائی میں 7 ڈاکو زخمی بھی ہوئے۔ ڈی پی او رحیم یار خان رضوان گوندل کے مطابق آپریشن میں ڈاکو عالم شر اور نذیر شر مارے گئے جبکہ ڈاکو مٹھا شر سمیت 7 ڈاکو زخمی بھی ہوئے۔ ماچھکہ، بھونگ، صادق آباد اورکوٹ سبزل کی پولیس نفری بھی آپریشن میں شریک ہے۔ گھوٹکی اور راجن پور پولیس کو بھی طلب کیا گیا۔ ڈی پی او رحیم یار خان نے بتایا کہ بگٹی قبیلے کے رضا کار بھی پولیس کے ساتھ ہیں۔ آئی جی پنجاب عثمان انور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں رینجرز پولیس سے تعاون کر رہی ہے اور سندھ پولیس نے ہمارا زبردست ساتھ دیا ہے۔