سیرت رسولؐ پر عمل سے ہی ہم کامل مسلمان بن سکتے ہیں:ہاشم علی شاہ زنجانی
لاہور (کلچرل رپورٹر)سجادہ نشین حضرت میراں حسین شاہ زنجانی وحضرت یعقوب حسین شاہ زنجانی المعروف شاہ صدر دیوان پیر سید ہاشم علی شاہ زنجانی نے کہا ہے کہ نبی کریمؐ کی سیرت پر عمل کیے بغیر ہم مسلمان نہیں بن سکتے۔ اللہ اور اس کے رسولؐ کے ساتھ تعلق صحابہؓ واہل بیتؓ جیسا ہونا چاہیے۔ ہم سیرتِ نبویؐپر عمل کئے بغیر کامل مسلمان نہیں بن سکتے۔ اللہ اور اس کے رسولؐ کو موسمی مسلمان قطعاً پسند نہیں۔ ایک مسلمان کا تعلق اسلام کے ساتھ ایسا ہی ہونا چاہیے جیسے آپ کے ساتھ صحابہ کرامؓ اور اہل بیتؓ کا تھا۔ عمل کے بغیر زندگی میں سکون اور اطمینان نہیں مل سکتا۔ ہمیں اپنے معاشرے میں مستحق لوگوں کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے ان کی ضروریات کا خیال رکھنا چاہیے تاکہ اللہ تعالیٰ کو ہم راضی کرسکیں۔ حکومت کو بھی ہوش کے ناخن لینے چاہیں۔ مہنگائی کے طوفان نے غریب کی زندگی عذاب بنا دیا ہے۔ بیانات سے نہیں عوام کو عملی طور پر ریلیف حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔