ستھرا پنجاب پروگرام ،صفائی کے نئے نظام کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ ہوگی: وزیر بلدیات
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد دوسرے اور تیسرے مرحلے کا یکے بعد دیگرے آغاز کیا جا رہا ہے۔ دوسرے مرحلے میں دیہی اور شہری علاقوں میں میونسپل سروسز کی یکساں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تحصیل کی سطح پر اور دیہی علاقوں میں 250 گھروں کیلئے ایک سینٹری ورکر ہوگا جو گلیوں کی صفائی، گھروں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے اور سیوریج وغیرہ کی صفائی کا پابند ہوگا۔ اس امر کو یقینی بنانے کیلئے تحصیل کی سطح پر یہ صفائی اور سینی ٹیشن کا نظام آؤٹ سورس کیا جائے گا۔ گھروں محلوں اور بازاروں سے اٹھائے جانیوالے کوڑا کرکٹ کو پہلے عارضی کولیکشن پوائنٹس پر منتقل کیا جائیگا۔ ڈسکہ، سیالکوٹ کے دورے میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ رورل اور اربن علاقوں میں صفائی کے نئے نظام کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ دیہات اور وارڈز کی سطح پر جمع شدہ کوڑا کرکٹ کو ری سائیکل کرنے کیلئے ڈویژن کی سطح پر 10 ری سائیکل پلانٹس پر پراسس کرکے کوڑے کو انرجی اور کھاد میں تبدیل کیا جائے گا جبکہ بچ جانیوالے کورا کرکٹ کو لینڈ فل سائٹس میں جدید تقاضوں کے مطابق عمل کرکے ہر لحاظ سے محفوظ بنایا جائیگا تاکہ ماحول پر انسان دوست بنایا جاسکے۔