الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام غزہ امدادی سامان کی ’’پیکنگ ڈرائیو‘‘ پرتقریب
لاہور (خصوصی نامہ نگار)الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کے زیراہتمام مظلوم فلسطینیوں کو امدادی سامان بھجوا نے کیلئے ’’پیکنگ ڈرائیو‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف جامعات،کالجز اور سکولز سے آئے1500رضاکاروں نے پیکنگ ڈرائیو میں حصہ لیا۔ خواتین، بچوں کے ملبوسات،برتن اور دیگر ضروریات زندگی کے سامان کو مختلف پلاسٹک باکسز میں پیک کیا گیا۔ مہمان خصوصی صدرالخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹرحفیظ الرحمن،نائب صدرذکراللہ مجاہد،جماعت اسلامی خواتین ونگ کی سیکر ٹری جنرل ڈاکٹر حمیراطارق،الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کی صدر صائمہ شبیر، سیکر ٹری جنرل صباء ثاقب ودیگرذمہ داران اس موقع پر تقریب میں شریک ہوئے اوراظہارخیال کیا۔ ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاکہ غزہ میں بچوں اورخواتین سمیت 22لاکھ افرادجنگ کی وجہ سے شدیدمشکلات کاشکارہیں۔ ہماری کوشش ہے زیادہ سے زیادہ خوراک،ادویات اوردیگرامدادی سامان غزہ متاثرین تک پہنچایاجائے۔ لاکھوں انسان کھلے آسمان کے نیچے امدادکے منتظر ہیں۔ جنگ بندی کے فوری بعد بحالی کے حوالے سے بھی ہم نے مکمل پلاننگ کرلی ہے۔