جگر ‘ گردوں کے امراض میں مبتلا پولیس ملازمین کے 100 فیصد فری ٹرانسپلانٹ آپریشنز
لاہور(نامہ نگار)نسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ایک اور تاریخی اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت جگر اور گردوں کے مرض میں مبتلا پولیس ملازمین کے ٹرانسپلانٹ اخراجات کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے۔پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ اور پنجاب پولیس کے مابین معاہدے پر عملدرآمد جاری ہے جس کے تحت جگر اور گردوں کے امراض میں مبتلا پولیس ملازمین کے 100 فیصد فری ٹرانسپلانٹ آپریشنز کئے جا رہے ہیں، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پنجاب پولیس کے کانسٹیبل ظفر عباس خان کے کڈنی ٹرانسپلانٹ کے 100 فیصد اخراجات کی ادائیگی کیلئے فنڈز جاری کر دئیے گئے ہیں، ہیلتھ ویلفیئر کے مثالی اقدام اور شاندار سہولت مہیا کرنے پر پولیس ملازمین نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے اظہار تشکر کیا ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پی کے ایل آئی اور پنجاب پولیس کے مابین معاہدے کے تحت پولیس ملازمین کے گردہ و جگر ٹرانسپلانٹ آپریشنز مفت سر انجام پا رہے ہیں ، پی کے ایل آئی کے خصوصی ڈسکاؤنٹ کے بعد ٹرانسپلانٹ کے باقی تمام اخراجات محکمہ پولیس ادا کر رہا ہے۔ پولیس فورس کی ہیپاٹائٹس بی اور سی کی ویکسینیشن مکمل کروا دی گئی جبکہ سنگین بیماریوں میں مبتلا ملازمین کے علاج کیلئے پوری فورس کی ہیلتھ سکریننگ بھی کروائی گئی ہے۔ ہیلتھ مسائل سے دوچار پولیس ملازمین کو بیماری کیخلاف جدوجہد میں اکیلا نہیں چھوڑا جائیگا اور ویلفیئر برانچ اس حوالے سے اپنا ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔