بلوچستان کی ترقی و خوشحالی اولین ترجیح‘ بھرپور سپورٹ کریں گے: زرداری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری بلوچستان کے سرکاری دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے۔ کوئٹہ ائیرپورٹ پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔ صدر مملکت کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ بلوچستان کا پہلا دورہ ہے۔ صدر مملکت بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کے نو منتخب ممبران سے بھی ملاقات کریں گے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری سے کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزراء میر صادق عمرانی، علی مدد جتک، میر ظہور بلیدی، سردار عبد الرحمان کھیتران، میر سلیم کھوسہ، فیصل جمالی، غزالہ گولہ اور رکن صوبائی اسمبلی و سنئیر رہنما پیپلز پارٹی نواب ثناء اللہ زہری نے وزیر اعلی ہاؤس میں ملاقات کی۔ دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری نے کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے دیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو ترقی و خوشحالی دینا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، بلوچستان کو خوشحال و ترقی یافتہ بنا کر استحکام پاکستان کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کی بنجر زمینوں کو موثر حکمت عملی کے ذریعے سیراب کر کے زرعی پیداوار میں اضافے کے قابل بنانے کی کوشش کریں گے، بلوچستان کے معدنی وسائل کو جدید طریقے سے نکالنے کی ضرورت ہے، بلوچستان میں تیل اور گیس موجود ہیں لیکن ہم نے آج تک اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار نہیں کیا، کوشش ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرح کے پروگراموں کو مزید وسعت دی جائے، میری کوشش ہے کہ میں پورے ملک خاص کر بلوچستان کی ترقی اور یہاں کے عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ کام کر سکوں، بلوچستان کی صوبائی حکومت کو سپورٹ کریں گے کہ وہ یہاں کے عوام ترقی کے مواقع پیدا کر سکیں، بلوچستان کے مسائل سیاسی ڈائیلاگ کے ذریعے حل ہونے چاہیے۔