• news

امریکی سفیر کی ملاقات : جمتو ریت بنیادی حقوق معاشی ، حالت پر بات ہوئی ، رہنماپی ٹی آئی  

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ نوائے وقت) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی امریکی سفیر سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے بات چیت کی۔ تحریک انصاف کے جاری اعلامیہ کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مرکزی سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب سے ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سابق سپیکر اسد قیصر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاکستان میں جمہوریت کی حالت اور قانون کی حکمرانی‘ ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی کیفیت اور معیشت کی صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ بنیادی سیاسی آزادیوں پر عائد قدغنوں اور اظہار و ابلاغ کی آزادیوں کے خلاف غیرقانونی انتظامی اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں بانی پی ٹی آئی، ان کی اہلیہ، پارٹی قائدین اور کارکنان سمیت سیاسی قیدیوں کے خلاف انتقامی سلسلے پر بھی بات چیت کی گئی۔ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر امریکی محکمہ خارجہ کی حالیہ رپورٹ کے مندرجات پر بھی بات ہوئی۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان انتہائی سنگین نوعیت کے سیاسی، آئینی اور معاشی بحرانوں کی زد میں ہے، آئین سے سنگین انحراف اور قانون کی حکمرانی کی بدترین صورتحال معیشت کی تباہی کا پیش خیمہ بن رہی ہے، آئین کی جانب سے شہریوں کو فراہم کردہ بنیادی حقوق، سیاسی آزادیاں اور ووٹ کا حق سیاسی استحکام کے ضامن ہیں۔ عمر ایوب نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے، معاشی ترقی کا کوئی کلیہ قانون کی حکمرانی کے بغیر کارگر ثابت نہیں ہوسکتا، باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر امریکہ کے ساتھ تعلقات کے تسلسل اور ان میں وسعت کے خواہاں ہیں۔ عمر ایوب نے امریکی سفیر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی نہ ہو تو وہ کبھی خوشحال ملک نہیں بن سکتا۔ دوطرفہ تعلقات کیلئے اہم امور‘ اقتصادی اصلاحات کیلئے امریکی تعاون اور علاقائی سلامتی پر بات کی گئی۔ امریکی سفیر نے پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے طویل المدت اصلاحات پر روشنی ڈالی۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے امریکی تعاون کا ذکر کیا۔ امریکی سفیر نے دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کی اہمیت اور مواقع پر روشنی ڈالی۔ گرین الائنس فریم ورک کے تحت موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے منصوبوں پر کام تیز کرنے پر گفتگو کی گئی۔ خیبر پی کے ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ امریکی سفیر کو اپنے ایشوز اور تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔ مولانا فضل الرحمن سے جلد بات ہو گی۔ عمر ایوب نے کہا کہ ملاقات میں فوجی اڈیوں سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔ وزارت خارجہ کے کہنے پر امریکی سفیر سے ملاقات کی۔ ادھر تحفظ آئین تحریک کے سربراہ محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک میں کسانوں کے ساتھ تماشا ہو رہا ہے، تحفظ آئین تحریک کسانوں کا بھرپور ساتھ دے گی۔ اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود اچکزئی اور رہنما اسد قیصر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں، گندم سکینڈل پر نوٹس لیں۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اچھی بات ہے امریکی سفیر نے تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات کی، امریکی سفیرکے سامنے اپنا موقف رکھا، ہم ایک آزاد قوم ہیں، ہم ملک میں آئین کی بالادستی چاہتے ہیں۔ اسد قیصر نے کہا کہ شہباز شریف گندم سکینڈل میں ملوث ہے، گندم سکینڈل میں ملوث تمام لوگوں سے پیسے ریکور ہونے چاہئیں۔ حکومت کے پاس مینڈیٹ ہے نہ کوئی اخلاقی جواز، ہم اس حکومت کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن