گھر کاکرایہ 70سے بڑ ھاکر 2لاکھ : خیبر پی کے وزرا کی مراعات میں اضافے کی منظوری
پشاور (نیٹ نیوز) خیبرپی کے کابینہ کے اجلاس میں وزراء کی مراعات میں اضافے کی منظوری دے دی گئی۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ صوبائی کابینہ کے پانچویں اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں، صوبائی کابینہ کے ان وزراء کے لیے جن کا تعلق پشاور سے نہیں انہیں کرائے کی مد میں دو لاکھ روپے دیئے جائیں گے، وہ وزراء جن کا تعلق دوسرے اضلاع سے ہو اور سرکاری رہائش نہ ہو یہ رقم انہیں کرائے کی مد میں دی جائے گی۔ اس شرط پر وزراء مارکیٹ میں دو لاکھ تک کا گھر کرائے پر لیں گے کہ ادائیگی حکومت کرے گی، گھر کے یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی بھی اسی دو لاکھ میں شامل ہوگی۔ 2014ء سے لے کر اب تک جن وزراء کے پاس سرکاری رہائش ہوتی تھی ان کی تنخواہ سے 70 ہزار روپے کی کٹوتی ہوتی تھی، وہ وزراء جن کے پاس سرکاری رہائش نہیں تھی ان کی تنخواہ میں 70 ہزار روپے گھر کے کرائے کے لیے دیئے جاتے تھے۔ 2024ء میں گھر کے کرایوں میں اضافہ ہوچکا ہے اور مناسب گھر ڈیڑھ لاکھ تک مل جاتا ہے، وزراء کے لیے دو لاکھ روپے کی منظوری کے بعد وہ اپنے لیے پشاور میں مناسب گھر کرائے پر لیں گے۔ صوبائی کابینہ نے ضم اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کے لیے فنڈز کی منظوری بھی دے دی، آئندہ تین سال کے لیے ضم اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے لیے 503 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ ضم اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو دی جانے والی رقم خفیہ نہیں، ڈپٹی کمشنرز کو جاری فنڈز بینک کے ذریعے جاری ہوں گے اور اس کا باقاعدہ آڈٹ بھی ہو گا۔