• news

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا  الیکٹرک بسیں لانے کا مستحسن فیصلہ

گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شاہدرہ میٹروبس سٹیشن ری ماڈلنگ پراجیکٹ کا افتتاح کیا اور شاہدرہ میٹرو بس سٹیشن کا دورہ کرکے تعمیراتی کاموں کے معیار کو سراہا۔ انہوں نے میٹرو بس سٹیشن کے سٹاف سے گفتگوکرتے ہوئے مسافروں کی بھرپور خدمت کی ہدایت کی اور میٹرو بس پرسوار سفر کی صورتحال کا خود جائزہ لیا۔ مریم نواز نے میٹروبس سروس سمیت پبلک ٹرانسپورٹ میں مزید بہتری کی ہدایت کی اور کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے جدید ترین پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم ناگزیر ہے‘ لاہور میں جلد الیکٹرک بسیں لا رہے ہیں۔ مریم نواز شریف سے جنوبی کوریا کے سفیر پارک کیجن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی اشتراک کار پر اتفاق ہوا اوردوطرفہ تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ صنعتی ترقی کیلئے کوریا کی ٹیکنالوجی سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔ ٹیکنالوجی میں کوریا کے اشتراک کار کا خیر مقدم کریں گے۔
پاکستان میں میٹروبس سروس متعارف کرانے کا کریڈٹ مسلم لیگ (ن) کو جاتا ہے۔ فروری 2013ءمیں ترکیہ کے تعاون سے مکمل ہونے والے میٹرو بس منصوبے کا افتتاح اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب اور موجودہ وزیراعظم میاں شہبازشریف نے ترکیہ کے نائب وزیراعظم کے ساتھ ایک بس میں سفر کا آغاز کرکے کیا تھا۔ آج اس منصوبے سے لاکھوں شہری مستفید ہو رہے ہیں۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شاہدرہ میٹرو بس سٹیشن کا افتتاح کرکے اس منصوبے میں مزید توسیع کا اعلان کیا جس سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا عوام کو سفری سہولیات فراہم کرنے کا ٹھوس عزم سامنے آتا ہے۔ اس موقع پر مریم نواز نے لاہور شہر میں الیکٹرک بسیں چلانے کا عندیہ بھی دیا جو خوش آئند ہے۔ پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی آلودگی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں ہوتا ہے جبکہ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں سرفہرست ہے جس کی ائرکوالٹی انڈیکس گزشتہ کئی سال سے خطرناک صورت اختیار کئے ہوئے ہے۔ اس تناظر میں الیکٹرک بسیں اور دیگر ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ مدبرانہ اور قابل ستائش ہے۔ کوشش کی جائے کہ شہروں میں زیادہ سے زیادہ سرکاری ٹرانسپورٹ چلا کر عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ بے ہنگم ٹریفک کا دباﺅ کم کیا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن