پی آئی اے اور ہولڈنگ کمپنی کے درمیان سکیم آف ارینجمنٹ کی منظوری
لاہور (کامرس رپورٹر) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمشن آف پاکستان نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ اور پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے درمیان سکیم آف ارینج منٹ کی منظوری دے دی۔ واضح رہے، کہ سال کے شروع میں وفاقی کابینہ نے پی آئی اے کو دو حصوں میں منقسم کرنے کے منصوبے کی منظوری دی تھی۔ کابینہ نے ایوی ایشن ڈویژن، پی آئی اے اور ہولڈ نگ کمپنی کو کو ہدایت کی تھی کہ وہ اس سکیم پر عمل درآمد کیلئے ضروری کارپوریٹ اور ریگولیٹری اقدامات مکمل کریں۔ گزشتہ ماہ پی آئی اے کے شیئر ہولڈرز اور قرض دہندگان نے بھی سکیم کی منظوری دے دی تھی۔ پی آئی اے کی تنظیم نو کیلئے مجوزہ سکیم میں کمپنی کے ہوابازی کے بنیادی کاروبار کو اس کی دیگر سرگرمیوں سے قانونی طور پر الگ کر دیا گیا ہے اور کمپنی کے ہوا بازی کے علاوہ دیگر امور و سرگرمیوں کو پی آئی اے کی ہولڈنگ کمپنی کو منتقل کر دیا گیا ہے۔ سکیم کی منظوری کے بعد ہولڈنگ کمپنی کو پی آئی اے میں 100 فیصد شیئر ہولڈنگ کا مالک بنانے اور ہولڈنگ کمپنی کی جانب سے پی آئی اے کے کوالیفائنگ شیئر ہولڈرز کو شیئرز جاری اور الاٹ کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔