پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے : عارف سندھیلہ
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ (ن) لیگ عوام کے حالات سے بے خبر نہیں یہی وجہ ہے کہ عوامی ریلیف کی خاطر ہر سطح پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں مخالفین حکومت کی عوامی پذیرائی دیکھ کر خوفزدہ ہیں اوراپنے منفی پراپیگنڈہ کے ذریعے حکومت کے ترقیاتی ایجنڈہ کی تکمیل روکنا چاہتے ہیں مگر (ن) لیگ کی قیادت ملک کو تمام بحرانوں سے نکالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور مخالفین کی ملکی ترقی کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام سے جو وعدے کئے تھے اُنہیں ہر صورت پورا کیا جا ئے گا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ عوام کا معیارِ زندگی بلند ہو،اس وقت پاکستان کو جن چیلنجز کا سامنا ہے اُن سے نمٹنے کیلئے بحیثیت قوم ہمیں متحد ہو نا ہو گا تمام سیاسی جماعتوں، اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو ہر قسم کے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کراور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی سوچ کو فوقیت دینا ہو گی تا کہ اقوام ِعالم میں ہم اپناکھویا ہوا دوبارہ مقام حاصل کر سکیں۔