• news

سٹاک مارکیٹ میں تیزی،تالہ سونا2500روپے،ڈالر18پیسے مہنگا


کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں پیر کو بھی تیزی کا تسلسل برقرار رہا جس سے انڈیکس 72000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بھی بحال ہوگئی ہے۔ تیزی کے سبب 66.32فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 89ارب 57کروڑ 83لاکھ 34ہزار 752روپے کا اضافہ ہوگیا۔ حکومت کی پی آئی اے کے ساتھ دیگر اداروں کو بھی نجکاری پلان میں شامل کیے جانے سے مستقبل میں انفلوز کی آمد کا حجم بڑھنے کی توقعات مارکیٹ کی سرگرمیوں پر اثرانداز رہیں جس سے مقامی غیرملکیوں کی کیپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری دلچسپی میں اضافہ ہوا اور کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر 1159پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی۔ نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 862.15 پوائنٹس کے اضافے سے 72764.24 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ انٹر بینک میں پیر کے روز روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں3 پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قدر 278.21 روپے سے بڑھ کر 278.24 روپے ہو گئی۔ اسی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی  18 پیسے کی تیزی سے ڈالر کی قدر 279.20روپے سے بڑھ کر 279.38 روپے پر آ گئی۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا2500 روپے  مہنگا ہو کر 2لاکھ40 ہزار 500 روپے کا ہو گیا۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق پیر کو دس گرام سونے کی قیمت میں2143روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد دس گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 6 ہزار 190 روپے ہو گئی جبکہ عالمی مارکیٹ میں 21 ڈالر کی تیزی سے فی اونس سونا 2322 ڈالر پر آگیا۔

ای پیپر-دی نیشن