کویتی ہوائی جہاز میں سوار خواتین مسافرآپس میں لڑ پڑیں، طیارے کی ہنگامی لینڈنگ
کویت سٹی(این این آئی)تھائی لینڈ سے کویت جاتے ہوئے کویت ائیر ویز کی پرواز میں دو خواتین مسافروں کے جھگڑے کے بعد کپتان کوطیاریکو بنکاک ائیرپورٹ واپس اترنا پڑا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فضائی کمپنی نے ایکس پلیٹ فارم پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں بتایا کہ یہ واقعہ پروازکے یو فور ون فور میں پیش آیا۔ خواتین مسافروں کے لڑائی جھگڑے کی وجہ سے دیگر مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جس پر جہاز کے عملے کو پرواز کی ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ کمپنی نے مزید کہا کہ پھر پائلٹ نے سکیورٹی کے طریقہ کار کی تعمیل میں ہوائی اڈے پر واپس آنے کا فیصلہ کیا۔کویت ایئرویز نے کہا کہ وہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے تمام قانونی اقدامات کرے گی۔ کمپنی نے تمام مسافروں پر سفری ضوابط کی پابندی پر زور دیا۔