گندم خریداری بحران، پنجاب بھر میں دھرنے:حکمران سنجیدہ نہیں:حافظ نعیم
لاہور+ راولپنڈی+ سرائے مغل (خصوصی نامہ نگار+ جنرل رپورٹر+ نامہ نگار) گندم خریداری بحران کیخلاف کسان ورڈ کے کئی شہروں میں مظاہرے اور دھرنے گزشتہ روز بھی جاری رہے، ریلیاں بھی نکالیں گئیں۔ گجرات اور وزیر آباد سے نامہ نگاران کے مطابق جماعت اسلامی اور کسان بورڈ کے زیر اہتمام ریلیاں نکالی گئیں۔ کاشتکار گندم کے گٹھے (بھریاں) بھی دھرنے میں لے آئے۔ اس موقع پر مظاہرین نے حکومتی پالیسیوں کیخلاف زبردست نعرے بازی بھی کی۔ کسان رہنماؤں نے مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کی بھی دھمکی دی۔ راولپنڈی لیاقت باغ میں چوتھے دن بھی دھرنا دیا گیا۔ اس دھرنے سے امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی، امیر ضلع مری غلام احمد عباسی، صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پنجاب شمالی اویس اسلم مرزا، وائس پریزیڈنٹ کنٹونمنٹ بورڈ چکلالہ خالد محمود مرزا اور دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے چیف جسٹس سپریم کورٹ پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ پنجاب کے گندم سکینڈل کا از خود نوٹس لیں۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت منصورہ میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور کسانوں کے مطالبات کے حق میں احتجاج کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام تمام ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کواٹرز میں احتجاجی کیمپس کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ اور دھرنا کے معاملہ پر نائب امیر لیاقت بلوچ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو کہ حتمی تیاریوں سے متعلق امور طے کر ے گی اور بعد میں امیر جماعت اس سلسلے میں اعلان کریں گے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں صدر جے آئی کسان سردار ظفر حسین، امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری اور امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راؤ ظفر شامل ہیں۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران سنجیدہ نہیں، حکومت گندم خریداری سے چشم پوشی کر رہی ہے۔ اسمبلی ہال کے سامنے بھی کسان بورڈ کے زیر اہتمام دھرنا چوتھے روز بھی جاری رہا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے پنجاب اسمبلی کے باہر کاشتکاروں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری، میاں رشید منہالہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ جماعت اسلامی ضلع قصور اور کسان بورڈ نے گندم بحران پر احتجاجی کیمپ لگا دیئے۔ ابوبکر نعیم نے کہا کہ حکومت کسانوں کا معاشی قتل کرنے سے باز رہے۔ انشاء اللہ جماعت اسلامی کسانوں کے مسائل حل کر کے دم لے گی۔