ای سی سی اجلاس: گندم خریداری ہدف بڑھانے، کھاد درآمد، پاور سیکٹر کیلئے 127.5 ارب کی منظوری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پاسکو کے گندم خریداری کے ہدف میں 4 لاکھ ٹن اضافے کی منظوری دی گئی، پاسکو کی گندم خریداری کا ہدف 14 سے بڑھا کر 18 لاکھ ٹن کر دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لئے ضروری کریڈٹ کی حد کی بھی منطوری دی۔ اجلاس میں دو لاکھ ٹن یوریا کھاد درآمد کرنے کی بھی منطوری دی۔ پاور سیکٹر کیلئے 127 ارب 50 کروڑ روپے کی رقم جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ کے الیکٹرک کیلئے ایڈوانس سبسڈی کی مد میں 70 ارب روپے جاری کیے جائیں گے۔ آزاد کشمیر کے ٹیرف میں فرق ختم کرنے کیلئے 55 ارب روپے جاری کیے جائیں گے۔ پاور ڈویژن کیلئے 2 ارب 50 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ بھی جاری کی جائے گی۔ چمن بارڈر پر ڈیلی ویج ورکرز کیلئے خصوصی ریلیف پیکج کی منظوری دے دی گئی۔ سٹیل مل کے ملازمین کی جنوری تا جون تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے رقم جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ نیکسٹ جنریشن موبائل براڈ بینڈ سروس سپیکٹرم کی ایڈوائزری کمیٹی میں ردوبدل کی بھی منظوری دیدی گئی۔ پاکستان جوہری توانائی کمیشن کیلئے 4 ارب 86 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ منظور کرلی گئی۔