9 مئی: ایک گروہ نے اقتدار کی ہوس میں وطن پر حملہ کیا: خواجہ آصف
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے نو مئی کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ نو مئی ہمیشہ یاد دلائے گا کہ ایک شخص اور گروہ نے اقتدار کی ہوس میں وطن پر حملہ کیا۔ نو مئی کو جو کچھ ہوا اس کا تصور ہمارے بدترین ازلی دشمن بھی نہیں کر سکتے تھے۔ پاک فوج کی تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ نو مئی کو ایک سوچے سمجھے منصوبے پر عمل کیا گیا۔ آج بھی ہمیں اس افسوسناک دن کی یاد دلاتی ہے، ان کرداروں کی سزا کا فیصلہ آئیں و قانون کرے گا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا ہے کہ نو مئی کو یہ سب کرنے والے فرشتے نہیں ان کے اپنے ورکرز تھے۔ تردید کرنی ہے تو کہہ دیں آوازیں بھی کسی اور کی ہیں۔ وہ لوگ کون تھے جنہوں نے کور کمانڈر ہاؤس کے باہر لوگوں کو جمع کیا۔ رؤف حسن صاف صاف تردید نہ کریں، اپنی ساکھ کا خیال کریں۔ یہ کم از کم تردید ہی کر دیں کہ ان کے انٹرویو زبردستی کرائے گئے۔