• news

رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ کیلئے قانون سازی، 8 شہروں میں بزنس سنٹر بنیں گے

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت  اجلاس میں آئی ٹی سٹی میں سلیکون کلسٹر پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز شریف کو پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کے مختلف پراجیکٹس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پنجاب کے آٹھ شہروں میں سی بی ڈی بزنس سنٹرز قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔  پنجاب رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے قیام کے لئے قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے آئی ٹی سٹی کے لئے چین، جنوبی کوریا اور سعودی عربین کمپنیوں سے ڈیل فائنل کرنے اور سی بی ڈی پراجیکٹ پر سال بہ سال ٹارگٹ مکمل کرنے اور پیش رفت کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں سیالکوٹ میں سٹی آف سپورٹس قائم کرنے کی تجویز اور سٹیڈیم بنانے پر بھی غور کیا گیا۔ لاہور کلمہ چوک پر سی بی ڈی گرینڈ سنٹرل سٹیشن قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔  بریفنگ میں بتایا گیا کہ گرینڈ سوک میں 600شاپس اور ریسٹورنٹس قائم ہوں گے اور سی بی ڈی مین بلیوارڈ پر ماحول دوست بلیو روڈز بنائے گی۔ مریم نواز شریف کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں پانچ گھنٹے طویل اجلاس   میں سی ایم سپیشل پراجیکٹس اور اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ 33 سی ایم ترجیحی ترقیاتی پراجیکٹس میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ بروقت تکمیل کے لئے دن رات محنت کی جائے اور پوری توجہ دی جائے۔ وزیر اعلیٰ  نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر لاہور کا پہلا فیز سال کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی اور سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا او پی ڈی دسمبر 2025 میں کھولنے کا حکم دیا۔ ملتان وہاڑی روڈ، چیچہ وطنی تا چوک اعظم، ساہیوال سمندری، بہاولپور تا جھانگرہ، فیصل آباد چنیوٹ سرگودھا روڈ کی تعمیر و توسیع کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ  نے تمام محکموں کے لئے ایک ہی کمپلینٹ نمبر مخصوص کرنے کی ہدایت کی۔ ماحول دوست بسوں کی مقامی سطح پر تیاری کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہیلتھ سیکٹر میں 145 ارب روپے کی لاگت سے 7 میگا پراجیکٹ زیر تکمیل ہیں۔  بڑے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ جون تک مکمل کر لی جائے گی۔  اضلاع میں سمارٹ سیف سٹی یکم جنوری تک فنکشنل ہوں گے۔ پنجاب میں ساٹھ لاکھ پودے لگائے گئے۔ شجر کاری میں لگائے پودوں کی  مانیٹرنگ کے لئی جی آئی ایس چیکنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب میں وائلڈ لائف سروے کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ائیر ایمبولینس سروس جون  میں شروع جبکہ موٹر وے ایمبولینس سروس دسمبر تک شروع ہو جائے گی۔ لاہور میں 300 اور دیگر شہروں میں 330 ماحول دوست بسیں چلائی جائیں گی۔ پنجاب ڈے کیئر فنڈ سوسائٹی کی تحت سرکاری دفاتر میں ڈے کیئر سینٹر قائم ہوں گے۔ دوسری  جانب  مریم نواز شریف نے وعدہ پورا کردیا۔ بہاولپور کے چک نمبر 6 کے محمد عثمان کو سائیکل اور فجر کو سکوٹی مل گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر نور بی بی کو ایک لاکھ روپے پیش کئے گئے۔ ایم پی اے میاں شعیب اویسی اور ڈی سی ظہیر انور جپہ  وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر چک نمبر 6 بی سی میں سائیکل، سکوٹی اور ایک لاکھ روپے لیکر پہنچے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے دورہ بہاولپور کے دوران چک نمبر 6 بی سی میں ننھے عثمان نے سائیکل اور معصوم فجر نے سکوٹی کی خواہش کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن