سعودی وفد سے تعریف سن کر بہت خوشی ہوئی: وزیراعظم
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی وفد کا دورہ کامیاب بنانے پر وفاقی وزراء کو مبارک باد دی ہے۔ شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی سرمایہ کار وفد کی پاکستان آمد معاشی تعلقات کے حوالے سے اہم پیشرفت ہے۔ وزیراعظم نے دورہ کامیاب بنانے کے حوالے سے وفاقی وزراء، افسروں اور سٹاف کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی وفد کے سربراہ کی تعریف سن کر دل باغ باغ ہوگیا، وفد پاکستان سے خوش اور مطمئن ہوکر گیا۔ سعودی وفد کے سربراہ نے کہا کہ قدم قدم پر وزراء جس طرح گائیڈ کر رہے تھے انہوں نے ایسا تجربہ پہلے نہیں دیکھا، واپس جاکر رپورٹ کریں گے کہ پاکستان میں نیا دور دیکھا ہے۔ کابینہ اجلاس میں گندم درآمد سکینڈل کی تحقیقات کا جائزہ لیا گیا اور معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ کابینہ نے پاکستان اورکولمبیا کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام سے متعلق مفاہمتی یادداشت پردستخط کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپیشل ایجوکیشن کو وزارت وفاقی تعلیم وفنی تربیت کے حوالے کرنے کی منظوری بھی دے دی۔ کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے چینی سرمایہ کاری منصوبوں کی 30اپریل 2024 کے اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔ ادھر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، بہترین ٹیکنالوجی کی حامل جاپانی کمپنیاں اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہیں، جاپانی کمپنیوں کے پاکستان میں اپنی کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے حوالے سے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جاپانی تاجروں اور پاکستانی حکومتی اہلکاروں کے تعاون سے ایک ہفتے کے دوران ان مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں جاپانی کمپنیوں و کاروباری شخصیات کے وفد کی جاپانی سفیر کی قیادت میں ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جاپان اور پاکستان دیرینہ دوست ممالک ہیں، جن کے مابین تجارتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیں۔ جاپانی صنعتکاروں اور تاجروں کو درپیش تمام مسائل پر مل کر قابو پائیں گے۔ پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، بہترین ٹیکنالوجی کی حامل جاپانی کمپنیاں اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہیں، جاپانی کمپنیوں کے پاکستان میں اپنی کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے حوالے سے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ملاقات میں جاپانی وفد نے وزیرِاعظم کی قیادت میں حکومت کی پاکستان میں کاروبار دوست پالیسیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ جاپانی سفیر نے وزیرِاعظم کو رواں برس جولائی میں 20 رکنی معروف جاپانی کمپنیوں کے وفد کی پاکستان آمد کے بارے آگاہ کیا جو دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری و تجارت کے فروغ کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ جاپانی وفد نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے اضافے پر خصوصی توجہ اور کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا اور ملکی برآمدات بڑھیں گی۔ ادھر شہباز شریف کو ٹریک اینڈ ٹریڈ سسٹم کے نفاذ میں غفلت کے مرتکب افسروں کی نشاندہی کرنے کے لئے قائم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ وزیراعظم نے اس سنگین غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے اجلاس میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو ملک میں سگریٹ سازی، کھاد اور سیمنٹ کے کارخانوں میں پیداوار کی مانیٹرنگ، جعلی مصنوعات کی شناخت اور سمگلنگ کے خاتمے کے لئے بنایا گیا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں ناقص منصوبہ بندی اور نفاذ کے حوالے سے غفلت کی وجہ سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا، اتنے اہم قومی منصوبے کے نفاذ میں جلد بازی کر کے اہم شقوں کو نظر انداز کیوں کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس سنگین غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے، لائسنسی کے ساتھ معاہدے پر فوراً نظر ثانی کی جائے، معاہدے میں تھرڈ پارٹی آڈٹ اور تنازعات کے حل کے متبادل نظام کے حوالے سے بھی شقیں شامل کی جائیں، انکوائری رپورٹ کے مطابق اس وقت کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور ممبر آپریشنز ان لینڈ ریونیو اس غفلت کے مرتکب پائے گئے۔ رپورٹ کے مطابق اس سنگین غلطی کی بنیادی ذمہ داری بعد ازاں انہی عہدوں پر کام کرنے والے افسروں پر عائد ہوتی ہے، ناقص انتظامی نگرانی کے لئے اس وقت کے چیئرمین ایف بی آر ذمہ دار ٹھہرائے گئے۔ وزیراعظم نے جامع رپورٹ مرتب کرنے پرانکوائری کمیٹی کی کارکردگی سراہا۔ شہباز شریف اور یو اے ای کے صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر سے ان کے چچا کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی، یو اے ای کے شاہی خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل میں یو اے ای کے شاہی خاندان کیلئے بے پناہ عزب اور احترام ہے۔ یو اے ای کے بانی مرحوم شیخ زید بن سلطان النہیان پاکستان کے عظیم دوست تھے۔ یو اے ای کے صدر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے برادر ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ باہمی طور پر متفقہ تاریخ پر جلد ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔