انتشاری ٹولہ صدق دل سے معافی مانگے، بات نہیں ہو سکتی، 9 مئی کرنے کرانے والوں کو آئین کے مطابق سزا دینا ہو گی: ڈی جی آئی ایس پی آر
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ 9 مئی کو عوام اور فوج میں نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، 9 مئی کرنے اور کرانے والوں کو آئین کے مطابق سزا دینا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار ڈی جی آئی ایس پی آر نے جی ایچ کیو میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایک سوال کے جواب پر ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا کہ پہلی بات تو یہ کہ 9 مئی صرف افواج پاکستان کا مقدمہ نہیں ہے، یہ پورے پاکستان کے عوام کا مقدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں اس کی فوج پر حملہ کرایا، اس کی فوج کے شہداء کی علامات کی تضحیک کی تھی، اس کے بانی کے گھر کو جلایا تھا، وہاں پر فوج اور عوام کے درمیان نفرت پیدا کی گئی، اور وہ لوگ جو یہ کر رہے ہیں، یہ کرا رہے ہیں، ان کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا جائے تو کسی بھی ملک میں ایسا ہو وہاں کے نظام انصاف پر سوال اٹھتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اگر پاکستان کے نظام انصاف پر یقین قائم رکھنا ہے اور جزا اور سزا کا وہ نظام جس پر اللہ تعالیٰ کی یہ کائنات، یہ قدرت اور یہ نظام چلتا ہے، اگر اس پر یقین قائم رکھنا ہے تو 9 مئی کے ملزمان، اس کو کرنے والے اور اس کو کرانے والے، آئین اور قانون کے مطابق انہیں سزا دینی پڑے گی۔ میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے 9 مئی سے متعلق بیانیہ بنائے جانے کے حوالے سے کہا کہ 9 مئی کوئی ڈھکی چھپی چیز نہیں ہے، اس کے ناقابل تردید شواہد عوام کے پاس بھی ہیں، افواج کے پاس ہی نہیں، ہم سب کے پاس ہیں، ہم نے اپنی آنکھوں سے ان واقعات کو ہوتے دیکھا، ہم سب نے دیکھا کہ کس طریقے سے لوگوں کی ذہن سازی کی گئی، ان کو افواج کے خلاف، اس کی قیادت کے خلاف، ایجنسیوں اور اداروں کے خلاف جھوٹ اور پروپیگنڈے سے ان کے ذہن بنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ کچھ سیاسی رہنماؤں نے چن چن کر اہداف دیے کہ ادھر حملہ کرو، ادھر حملہ کرو، ہم نے دیکھا کہ چند گھنٹوں میں پورے ملک میں صرف فوجی تنصیبات پر حملے کرائے گئے اور ان واقعات کوآپ نے بھی دیکھا، کیمرے کی آنکھ نے فلم بند بھی کیا اور جب یہ شواہد اور یہ ساری چیزیں لوگوں کے سامنے آئیں تو آپ نے عوام کا غصہ اور رد عمل بھی دیکھا، آپ نے یہ بھی دیکھا کہ کس طرح سے عوام اس انتشاری ٹولے سے پیچھے ہٹی، تو جب یہ کھل کر سامنے آگیا تو وہ دوسرا فریب، دوسرا جھوٹا پروپیگنڈا شروع کیا گیا کہ یہ فالس فلیگ آپریشن تھا، یہ تو پتا ہی نہیں کہ یہ کیا ہوا، کون، کیسے کر گیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایک انگریزی مقولے کا حوالہ دیا اور کہا ایسے ہی لوگوں کے لیے کہا گیا ہے کہ آ پ سب لوگوں کو کچھ وقت کے لیے بیوقوف بنا سکتے ہیں، کچھ لوگوں کو ہمیشہ بیوقوف بنا سکتے ہیں، لیکن آپ سب لوگوں کو ہمیشہ کے لیے بیوقوف نہیں بنا سکتے، تو یہ جھوٹ اور یہ فریب میرے بھائی نہیں چل سکتا، یہ جو میں نے آپ کو بتایا، جو آپ نے دیکھا، یہ آپ لوگوں کے سامنے ہے، اگر آپ اجازت دیں تو میں آپ کو اس کی چھوٹی سی جھلک دکھاتا ہوں تاکہ آپ کی یاد داشت تازہ ہو کہ 9 مئی کے دن کیا ہوا تھا۔ اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر کی جا نب سے 9 مئی 2023 کو پیش آئے توڑ پھوڑ واقعات سے متعلق کچھ مناظر بھی نشر کیے گئے اور کچھ پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات بھی نشر کیے گئے۔ انہوں نے کہا یہ مناظر دیکھ کر انسان خون کے آنسو روتا ہے کہ کس طرح معصوم بچوں کو ذہنی طور پر ورغلایا گیا، کس طرح ان میں زہر ڈالا گیا، کس طرح اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے لیے اپنے ملک کی فوج، اپنے ہی شہیدوں اور اپنی ہی املاک کوآگ لگائی۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا یہ دنیا میں پہلی بار ہوا ہے، شاید لیکن اس سے کم درجے کے واقعات سیاسی بلوائی ساری دنیا میں کرتے آئے ہیں، دنیا کے دیگر ممالک کیا کرتے ہیں، نظر دوڑائیں تو آپ کو ماضی قریب میں بھی اس کی مثال ملتی ہے، اگست 2011 میں لندن فسادات ہوئے، بلوائیوں نے سیاسی اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا، اس کے بعد وہاں کا، کرمنل کورٹ سسٹم اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میںآئے، دن رات عدالتیں لگیں، جو بلوائی اور انتشاری تھے، جو ان کے پیچھے کروانے والے تھے، انہیں سخت سے سخت سزائیں دلوائی گئیں، اگر ان فسادات میں 18 سال سے کم عمر بچے ملوث تھے، انہیں بھی نہیں چھوڑا گیا، انہیں بھی سزائیں دلوائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ 2021 میں واشنگٹن ڈی سی امریکا میں سیاسی بلوائی کیپیٹل ہل کی عمارت میں گھسے، وہاں عمارت کو نقصان پہنچایا، توڑ پھوڑ کی تو وہاں پر کوئی جوڈیشل کمیشن یا چینلز پر بحث و مباحثے نہیں شروع ہوئے، کرمنل کورٹ سسٹم آیا، لوگوں کی شناخت کی گئی اور ان کو بھی جو وہاں موجود تھے یا موجود نہیں لیکن ان واقعات کے محرکات میں شامل تھے، سخت سزائیں دی گئیں، یہ آپ کے سامنے ہے۔ میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ اس سے آگے بڑھیں، 9 مئی کے بعد 27 جون 2023 پیرس کے مضافات میں بلوے اور ہنگامے ہوئے، وہاں کا عدالتی نطام سرعت کے ساتھ حرکت میں آیا اور سخت سزائیں دیں، یہ میں نے آپ کو چند مثالیں ماضی قریب کی دیں جن کی مثالیں ہماری اشرافیہ دیتے ہوئے تھکتی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک نے ایسا کیوں کیا، اس لیے تاکہ اس طرح کا واقعہ دوبارہ نہ ہو، تاکہ ملک میں مخصوص سیاسی مقاصد رکھنے والے جو انتشاری گروہ اور ٹولے ہیں انہیں یہ موقع نہ ملے کہ وہ ریاست پر اپنی مرضی سے جب چاہیں چڑھائی کردیں، وہاں پر کسی نے کسی کی فوج پر تو حملہ نہیں کیا تھا، وہاں پر کسی نے اپنے محسن، اپنے بانی کے گھر کو تو نہیں جلایا تھا، وہاں کسی نے شہیدوں کے مجسموں اور نشانیوں کو تو آگ نہیں لگائی تھی، وہاں تو اس سے بہت کم ہوا تھا، تو سوال یہ بنتا ہے کہ آج ہم کیوں کسی وجہ سے ایک حربہ، دوسرا تاریخی حربہ اور 9 مئی کرنے اور کرانے والوں کے مکافات عمل کو پیچھے کیوں دھکیل رہے ہیں۔ ان کہنا تھا کہ یہ سوال بنتا ہے کہ کیا ہم خدانخواستہ کسی اور 9 مئی کے سانحے کا انتظار کر رہے ہیں، کہا جاتا ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنادیا جائے، میرا سوال یہ ہے کہ جوڈیشل کمیشن تو اس چیز پر بنتا ہے جس کے بارے میں ابہام ہو، یہ واقعات تو آپ کے سامنے ہے، بالکل واضح ہے، یہ بھی واضح ہے کہ کس طرح سے ورغلایا گیا، کیسے ذہن سازی کی گئی، کیسے اہداف دکھائے گئے، کیسے نکالا گیا، اس میں بھی کنفیوژن پیدا کرنے کے لیے کہا جائے کہ جوڈیشل کمیشن بنادیں تاکہ پتا چلے کہ واقعہ ہوا ہے کہ نہیں ہوا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم تیار ہیں، بنادیں جوڈیشل کمیشن، لیکن اگر جوڈیشل کمیشن بنانا ہے تو پھر ایک جوڈیشل کمیشن اس پورے واقعہ کی تہہ تک جائے، وہ جوڈیشل کمیشن اس بات کا بھی احاطہ کرے کہ 2014 کے دھرنے کے مقاصد کیا تھے، وہ اس بات کا بھی احاطہ کرے کہ پارلیمنٹ، پی ٹی وی پر حملہ کیسے ہوا، کیسے کرایا گیا، کس طرح لوگوں کو یہ ہمت دی گئی کہ آپ ریاست کے خلاف کھڑے ہوں، پاسپورٹ جلائیں، سول نافرمانی کریں، بجلی کے بل جلائیں، کس طرح 2016 میں خیبر پی کے کے سرکاری وسائل سے دارالخلافہ پر وھاوا بولیں، 2022 میں دوبارہ دھاوا بولیں۔ میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ وہ جوڈیشل کمیشن یہ بھی دیکھے کہ کیسے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے گئے، باہر فرمز کے ذریعے لابنگ کی گئی کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے دیا جائے، اس کو قرضہ نہ دیا جائے، کہاں سے فنڈنگ آ رہی تھی، کہاں جا رہی تھی، اس بات کا بھی احاطہ کیا جائے، اس کا بھی دیکھا جائے کہ وہ کون لوگ تھے جو سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف نفرت پھیلا رہے تھے، کیونکہ اگر ہم نے ان چیزوں کا احاطہ نہیں کیا اور کیونکہ ہم نے ان چیزوں کا احاطہ نہیں کیا تو 9 مئی ہونا تھا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اگر ایک مخصوص سیاسی ٹولہ وقت گزرنے کے ساتھ بغیر کسی سزا کے یہ سارے کام کرتا رہے گا تو ایک دن وہ اپنی فوج پر ہی چڑھ دوڑے گا، آپ کے سامنے ہی ہوا، جب وہ جھوٹ بولے اور جھوٹ بولتا ہی رہے اور آپ اس کے سامنے سچ نہ بولیں تو پھر وہ ہر طرح کا فریب اور پروپیگنڈا کرے گا۔ 9 مئی کی اصل حقیقت یہ ہے کہ وہ سیاسی ٹولہ شہہ پڑتے پڑتے یہاں تک پہنچا کہ وہ اپنی ہی فوج پہ، اپنے ہی اداروں پر حملہ آور ہوگیا۔ اور پھر پاکستان کی جو غیرت مند، باشعور عوام ہے وہ 9 مئی کو کھڑی ہوگئی، وہ ایسے کہ انہوں نے اپنے آپ کو اس انتشاری ٹولے سے پیچھے کرلیا، انہوں نے کہا کہ میں اس کا حصہ نہیں بنوں گا، میں اس کو انکار کرتا ہوں، میں اس عمل کی نفی، اس کی مذمت کرتا ہوں، اس نے اس عمل سے کراہت کی اور جب انہوں نے عوامی رد عمل دیکھا تو دوسرا جھوٹ اور پراپیگنڈا کیا کہ ہم تو خود مظلوم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات کی اجازت نہیں دی جاسکتی کے عوام کو اتنا بیوقوف سمجھا جائے، جھوٹ پر جھوٹ اور فریب پر فریب، اس لیے میں نے شروع میں یہ کہا تھا کہ 9 مئی کا مقدمہ پاک فوج کا مقدمہ نہیں یہ عوام پاکستان کا مقدمہ ہے، یہ ہم سب کا مقدمہ ہے، 9 مئی کو کرنے اور کرانے والوں کو آئین کے مطابق سزا نہ دی گئی تو اس ملک میں کسی کی جان، مال، آبرو محفوظ نہیں ہوگی، ہمیں اپنے سزا و جزا کے نظام پر یقین قائم رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم 9 مئی کے ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دیں اور جلد سے جلد دیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سوشل میڈیا اور میڈیا میں اداروں پر کچھ مخصوص سیاسی حلقے ایسے ہیں جو تواتر کے ساتھ فوج اور دیگر اداروں پر الزام لگاتے رہتے ہیں، ان الزامات کے جواب میں جب ثبوت مانگا جاتا ہے تو ثبوت دینے کے بجائے مزید الزام تراشی شروع کردیتے ہیں، اگر ادارہ بھی جواب میں الزام تراشی شروع کردے تو ہم ایک سائیکل میں پھنس جائیں گے، ہم حقائق پر یقین رکھتے ہیں اور ہمیں یہ یقین ہے کہ جو سچائی ہوتی ہے وہ جھوٹ پر ہمیشہ غالب آئے گی۔ میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ اگر آئین کی بات کرتے ہیں تو آرٹیکل 19 بلاشبہ آزادی اظہار رائے کا تحفظ یقینی بناتا ہے لیکن یہی آرٹیکل بڑے واضح طور پر یہ کہتا ہے کہ آزادی اظہار رائے کے پیچھے چھپ کے پاکستان کی سالمیت، سکیورٹی اور دفاع پر وار نہیں کیا جاسکتا، یہ آرٹیکل کہتا ہے کہ آزادی رائے کے پیچھے چھپ کر دوست ممالک کے ساتھ روابط کو نقصان نہیں پہنچایا جاسکتا، یہ آرٹیکل کہتا ہے کہ آزادی رائے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ قوم کی اخلاقیات تباہ کردیں، آپ پبلک آرڈر اور امن عامہ تباہ کردیں، آپ اعلی عدلیہ کے وقار کی منافی بات کریں، آئین اور قانون پاکستان بڑا واضح ہے کہ وہ ریاست پاکستان اور افواج پاکستان کے خلاف پراپیگنڈے کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے بتایا کہ آئین تو مقدم ہے اس سے بڑھ کر ہمارا دین، تو کیا دین اس بات کی اجازت دیتا ہے؟ قرآن میں اللہ تعالی نے فرمایا ہے کہ اے مومنو اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو خوب تحقیق کر لیا کرو، الحمد للہ ہم سب مسلمان ہیں اور اللہ کا حکم واضح ہے، ہم نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے، ہم اس بات کی اجازت نہیں دے سکتے کہ آزادی اظہار رائے کے پیچھے چھپ کر ملکی سالمیت کو داؤ پر لگا دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو مقننہ ہے جس کا حق ہے قانون سازی کا کہ یہ جو جھوٹ کا بازار گرم ہے، اس کے اوپر قانون سازی کی جائے، ہم امید کرتے ہیں کہ موجودہ قوانین ہیں اور جو نئے بننے ہیں اس پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے، اگر اس کے خلاف ایکشن نہیں لیا گیا تو یہ اس معاشرے کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دے گا، کچھ عرصے سے معاشرے میں استحکام آ رہا ہے، عدم اعتماد ختم ہورہا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ باشعور عوام کو سمجھ آ رہا ہے کہ کون کیا کیوں کر رہا ہے، کیسے پراپیگنڈے کیے ہیں اور اب وہ کھل کر سامنے آرہے ہیں، جھوٹ اور فریب کو شکست ہوگی۔ ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ جھوٹ کا ایک مسئلہ ہوتا ہے کہ ایک کو چھپانے کے لیے 10 جھوٹ بولنے پڑتے ہیں تو یہ جو بیانیہ بنایا جارہا ہے کہ 8 فروری نے 9 مئی کو ختم کردیا تو 8 فروری کو ٹرن آؤٹ 47 فیصد تھا، تقریبا ساڑھے 6 کروڑ لوگوں نے ووٹ دیا اس میں سے یہ مخصوص سیاسی پارٹی، اس کے لیڈرز جو یہ بات کرتے ہیں تو اس پارٹی کو 1.8 کروڑ ووٹ پڑے جو کہ کل کا بنتا ہے 31 فیصد، تو 70 فیصد جو ووٹ پڑا وہ اس بیانیے کو نہیں پڑا اور اگر اسے آبادی کے تناسب سے دیکھوں تو کل آبادی کا یہ ساڑھے 7 فیصد بنتا ہے، اگر ہم یہ سوچیں کہ جس نے اس کو ووٹ ڈالا اس نے کہا کہ 9 مئی بالکل ٹھیک ہوا تھا، اور بالکل فوج پر حملہ ہونا چاہیے تھا اور بالکل شہیدوں کی تضحیک ہونی چاہیے تھی تو ہمیں یقین ہے کہ ایسا نہیں ہے، ہمیں یقین ہے کہ عوام ہمارے ساتھ کھڑی ہے، یہ ایک جھوٹ ہے کہ جس نے اس کا ساتھ دیا وہ فوج کے مخالف ہے، کیا وہ ووٹ فوج کے خلاف تھا؟ ایبسولیوٹلی ناٹ۔ ترجمان نے کہا کہ جھوٹ پر کچھ نہیں چل سکتا ، جھوٹے بیانیے بنتے رہیں گے، ہم حق اور سچ کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ پی ٹی آئی کے ساتھ ڈیل ہونے کے سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ پاک فوج قومی فوج ہے، اس میں تمام قومیت کے لوگ ہیں، اس کی کسی قسم کی سیاسی سوچ نہیں ہوتی، حکومت وقت سیاسی پارٹی بناتی ہیں تو ہر حکومت کے ساتھ فوج کا غیر سیاسی مگر آئینی تعلق ہوتا ہے، کیونکہ ہم کسی خاص سیاسی سوچ کا پرچار نہیں کرتے اسی طرح ہم خاص سیاسی سوچ کو لے کر آگے نہیں بڑھتے، اس لیے ہمارے لیے تمام جماعتیں قابل احترام ہیں تاہم اگر کوئی سیاسی ٹولہ اپنی فوج پر حملہ آور ہو، عوام اور فوج کے درمیان نفرت پیدا کرے، اسی فوج کے شہیدوں کی تضحیک کرے اور اسی قوم کی فوج کے بارے میں دھمکیاں دے تو اس سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی، ایسے انتشاری ٹولے کے لیے ایک ہی راستہ ہے کہ وہ معافی مانگے قوم سے، اور وعدہ کرے کہ وہ نفرت کی سیاست کو چھوڑ کر تعمیری سیاست کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بات چیت سیاسی پارٹیوں کو زیب دیتی ہیں، اس میں فوج یا اداروں کے لیے مناسب نہیں بات کرنا، ایسا انتشاری ٹولہ جو آپ کے سامنے سب کر رہا ہے اور کرواتا آ رہا ہے، اس کے ساتھ بات چیت نہیں ہوسکتی، ہم نہیں کرسکتے۔ انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 8 فروری کے انتخابات میں آرمی کا کردار اتنا تھا جتنا الیکشن کمیشن نے مینڈیٹ کے ذریعے دیا تھا اور وہ تھا سیکیور ماحول پیدا کرنا اور یہ فوج نے دینی تھی، آرمی نے یہ سیکیور ماحول فراہم کیا، یہی ہمارا مینڈیٹ تھا اس سے زیادہ ہمارا سیاسی عمل میں دخل نہیں تھا، افسوس کی بات ہے کہ سوشل میڈیا پر تواتر سے زہریلا پراپیگنڈا بنایا جاتا ہے، جھوٹ بولا جاتا ہے، اسی تواتر میں الیکشن میں فوج کی سیاسی مداخلت کی بغیر ثبوت کے جھوٹے بیانیے کو آگے بڑھایا گیا، مذموم سیاسی مقاصد کے لیے کچھ میڈیا اور سوشل میڈیا نے اس کو چلایا، ہم ان سے ایک ہی سوال کرتے ہیں کہ اگر کوئی ثبوت ہے تو جو متعلقہ آئینی ادارے ہیں وہ ان کے سامنے رکھا جائے۔ ترجمان نے کہا کہ اس طرح کی بات چیت اس کی قیمت سب دے رہے ہیں کیونکہ جو اصل مسائل ہیں پاکستان کے ان کے بجائے سارے تبصرے ان بے بنیاد الزامات پر مرکوز ہوجاتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ خود کش بمبار بھی افغان شہری تھا، افواج پاکستان دہشتگردی کے اس گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتی ہے، اور ان کے ذمہ داروں کے انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں، اسی طرح 25 مارچ 2024 کو تربت میں ہونے والے دہشتگردانہ حملے کے دوران بھی پاک فوج کے جوان نے جام شہادت نوش کیا، جبکہ 4 دہشتگرد جہنم واصل کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ 16 اور 17 اپریل 2024 کو افغانستان سے متصل شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے غلام خان میں دہشتگردی کے غرض سے دراندازی کرنے پر 7 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا جن میں سے ایک کی شناخت ملک الدین مصباح کے نام سے ہوئی جو افغانستان کے صوبے پتیکا کا رہائشی تھا۔ اسی طرح 23 اپریل کو بلوچستان کے علاقے ضلع پشین میں بھی سکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ اس گرفتار دہشتگرد کا نام حبیب اللہ ولد خان محمد تھا جو کہ افغانستان کے علاقے سپن بولدک کا رہائشی تھا، افغان دہشتگرد نے اپنے بیان میں پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کا اعتراف بھی کیا جیسا کہ آپ ویڈیو میں دیکھ بھی سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی اس تازہ لہر کی بڑی وجہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو پڑوسی ملک افغانستان سے ملنے والی اس طرح کی سہولیات اور اس کے علاوہ جدید اسلحہ کی فراہمی بھی ہے، آرمی چیف کئی بار واضح طور پر یہ کہہ چکے ہیں کہ پاکستان میں دہشتگردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں افغان شہریوں کا ملوث ہونا علاقائی امن و استحکام کو متاثر کرنا اور عبوری افغان حکومت کی دوحہ امن معاہدے سے انحراف ہے۔ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے اور اپنے شہریوں کی تحفظ کے لیے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی، اس ضمن میں رواں سال دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو نشانہ بناتے ہوئے پاکستان نے ایران کے سرحدی علاقے سیستان اور بلوچستان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن مرگ بر سرمچار کرتے ہوئے متعدد دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، ہمیں امید ہے کہ مچبت سمت میں کوششیں خطے میں قیام امن کے لیے باور ثابت ہوں گی، اور ماضی میں ان کوششوں کی راہ میں جو رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں اب ان سے اجتناب کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ہم کاؤنٹر ٹیررازم کی مد میں سال 2024 میں ہونے والے آپریشن کا جائزہ لیتے ہیں، سال 2024 میں مجموعی طور پر دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف 13 ہزار 135 چھوٹے بڑے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے، اس دوران 245 دہشتگردوں کو واصل جہنم، 396 کو گرفتار کیا گیا، دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر سو سے زائد آپریشنز افواج پاکستان، پولیس، انٹیلیجنس ایجنسی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپریشنز کے دوران 19 ہائی ویلیو ٹارگٹ یعنی انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی ہلاکتیں اور گرفتاریاں بھی عمل میں لائیں گئیں، رواں سال ان آپریشنز کے دوران 2 افسر اور 60 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، پوری قوم ان بہادر سپوتوں اور ان کی لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، جنہوں نے اپنی قیمتی جانیں ملک کی امن و سلامتی اور آپ کے مستقبل پر قربان کردیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں کور کمانڈر کونفرنس کے اعلامیے میں آرمی چیف نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشتگردی کے خلاف پوری قوم کی حمایت حاصل ہے، مسلح افواج پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے، دہشتگردی کے خلاف ہماری یہ جنگ آخری دہشتگردی کے خاتمے تک جاری رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ آج عوام اور افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کی بدولت ملک تیزی کے ساتھ امن کے راستے پر گامزن ہے، پاکستان کے وہ علاقے جہاں شہریوں کا جانا دشوار تھا آج وہاں امن بحال ہوچکا ہے، یہ سب کچھ عوام، افواج کی لازوال قربانیوں کے مرہون منت ہی ہو سکا ہے، خود کش دھماکے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی شہادتیں دہشت گردوں کے ناپاک ارادوں کی عکاسی ہے اور واضح ہے کہ ان دہشتگردوں کا ریاست پاکستان، خوشحال پاکستان اور دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ترجمان کے مطابق اس کے ساتھ ویسٹرن بارڈر مینجمنٹ ریجیم کے تحت جو کام جاری ہیں وہ پایہ تکمیل کو پہنچنے والی ہیں، بارڈر مینجمنٹ کے تحت پاک افغان سرحد پر 98 فیصد سے زائد کام مکمل کرلیا گیا ہے، جبکہ اپک ایران بارڈر پر 91 فیسد سے زیادہ کام مکمل ہوچکا ہے، پاک افغان بارڈر پر دہشتگردوں کی روک تھام کے لیے 753 قلعے مکمل کیے جاچکے ہیں، جبکہ پاک ایران بارڈر پر 89 قلع مکمل کیے جاچکے ہیں اور باقیوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ مشرقی سرحد پر اگر ہم لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بات کریں تو آپ سب کے علم میں ہے کہ ہمیں بھارت کی جانب سے لگاتار خطرات ہیں، بھارت ہمیشہ کی طرح اندورنی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے جو منصوبہ بندی کر رہا ہے ، پاکستان کی سول اور عسکری قیادت اس سے با بخوبی آگاہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں سال بھی متعدد مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی، آزاد کشمیر میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور دیتے رہیں گے، اپنی سالمیت اور خود مختاری کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ حکومت پاکستان کی جانب سے امریکہ کو اڈے دینے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ نہ تو ان کو اڈے دیئے گئے ہیں اور نہ ہی دینے کا سوال پیدا ہوتا ہے۔ یہ بے بنیاد پراپیگنڈا ہے۔