چادر چار دیواری کے تقدس کی پامالی کیخلاف اور نوجوان کی بازیابی کیلئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب
لاہور (خبر نگار) ہائیکورٹ کے جسٹس انوار الحق پنوں نے بیس سالہ نوجوان کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر 9 مئی کو سی سی پی او لاہور کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بتایا جائے کہ پولیس نے ریڈ کیوں کیا؟ یہ بھی بتایا جائے کہ گاڑی، موٹر سائیکل سمیت قیمتی سامان پولیس کیوں لے گئی؟ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ اقبال ٹائون پولیس نے کوٹ رادھا کشن کے گائوں دھاریوال میں ریڈ کیا، پوتے محمد بابر، ایک گاڑی اپلائیڈ فار، سات تولہ سونا اور نقدی 15 لاکھ روپے لے گئے۔ پولیس اہم دستاویزات، موٹر سائیکل، لائسنسی اسلحہ بھی ساتھ لے گئے ، پولیس کی ریڈ پارٹی نے گھر میں توڑ پھوڑ اور خواتین پر تشدد کیا، عدالت پوتے اور سامان کی بازیابی کا حکم دے۔