رولز میں ترمیم‘ شہری 15روز بعد دوبارہ ڈرائیونگ ٹیسٹ دے سکیں گے
لاہور‘گوجرانوالہ(نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) پنجاب موٹر وہیکل رولز 1969ء میں ترمیم کر دی گئی ہے۔اب ڈرائیونگ/سائن ٹیسٹ میں فیل ہونے والے شہری 6 ہفتوں کی بجائے 15دن بعد دوبارہ ٹیسٹ دے سکیں گے جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا اور تمام اضلاع کو بھی اس بابت نوٹیفکیشن بھیج دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے بتایا کہ اب شہری ڈرائیونگ/سائن ٹیسٹ کی مکمل تیاری کے ساتھ 15دن بعد دوبارہ ٹیسٹ دے سکتے ہیں۔لائسنس کا حصول آسان بنانے کیلئے 6ہفتوں کا وقت کم کر کے 15دن کردیا گیا ہے۔ مرزا فاران بیگ نے کہا کہ بڑے شہروں میں 24گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن جبکہ چھوٹے اضلاع میں 16سے 18گھنٹے لائسنسنگ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،شہری بلا تاخیر اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں اور گاڑی چلائیں ۔انہوں نے کہا روڈ پر بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہے۔ بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر2 ہزار روپیہ جرمانہ عائد ہے۔والدین سے التماس ہے کہ 18سال سے کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ کی اجازت مت دیں۔سی ٹی او گوجرانوالہ عائشہ بٹ کا کہنا تھا کہ بلاشبہ شہریوں بالخصوص سٹوڈنٹس کیلئے یہ بہت بڑی سہولت ہے۔ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانا خلاف قانون عمل ہے۔اس لئے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ شہری ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں۔ضلع گوجرانوالہ میں اسوقت کل 7 مراکز وزیر آباد،کامونکی،نوشہرہورکاں،کوٹ لدھا،علی پور چٹھہ،واہنڈو اور وحدت کالونی لائسنس برانچ میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی سہولت دی جا رہی ہے۔شہری نزدیکی مراکز پر ڈرائیونگ لائسنس کیلئے رجوع کریں۔