ڈیری صنعت کیلئے مل کر کام کرنا ضروری‘ عالمی درجہ حرارت میں کمی کے خواہشمند: امریکی سفیر
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ یو ایس پاکستان گرین الائنس تلے شراکت داری جاری ہے۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شراکت داروں کو اکٹھا کر کے مالی و تکنیکی وسائل کے ذریعے مسائل کا مقابلہ ممکن ہے، ڈیری کی صنعت کے لیے مل کر کام کرنا ضروری ہے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ 2030ء تک عالمی سطح پر درجہ حرارت میں ایک ڈگری کمی کے خواہشمند ہیں۔ یو ایس ایڈ اور نیشنل رورل سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام مشاورتی اجلاس میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم بھی شریک ہوئے تھے۔ سی ای او نیشنل رورل سپورٹ پروگرام ڈاکٹر راشد باجوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ڈیری سیکٹر میں اہم تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ سیکرٹری وزارت قومی تحفظ خوراک ڈاکٹر فخر عالم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل اینیمل ہیلتھ بل 2024ء کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔