پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود، ایگریکلچر، لائیو سٹاک میں تجارت بڑھا سکتے ہیں: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے پاکستان میں ترکمانستان اور قازقستان کے سفیروں نے ملاقات کی جس میں ترکمانستان اور پنجاب کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترکمانستان اور پنجاب کے درمیان حکومتی اور عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔ ترکمانستان کے سفیر جان نور لیویج نے تجارتی تعلقات بڑھانے اور سرمایہ کاری کیفروغ میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ترکمانستان کوپاکستان کا برادر ملک سمجھتے ہے۔ پنجاب میں توانائی، انڈسٹری، لائیو سٹاک اور زراعت میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، ایگریکلچر اور لائیو سٹاک سیکٹر میں تجارت بڑھا سکتے ہیں۔ جمہوریہ قازقستان کے سفیر یرژان کِسٹافن کے ہمراہ قونصل جنرل قازقستان راؤ خالد خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں شہدا کے بچوں کیلئے قازقستان میں سٹڈی کے لئے سکالرشپ کا اعلان کیا گیا۔ قازقستان کے سفیر نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو دورہ کی دعوت دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے قازقستان کے دورے کی دعوت قبول کرلی۔ قازق سفیر نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو پہلی خاتون چیف منسٹر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ قازقستان اور پنجاب کے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اقتصادی ترقی اور خوشحالی کیلئے شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، زراعت، توانائی اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں قازقستان کو پنجاب سے ٹیکسٹائل، آلات جراحی، کھیلوں کا سامان، اجناس، سٹرس فروٹس، سبزیاں برآمد کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ توانائی، کان کنی اور صنعتی شعبوں میں قازقستان کی مہارت سے استفادہ کرنے پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع موجود ہیں۔ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔ زرعی شعبے میں تعاون اور زراعت کی ترقی اور زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے ٹیکنالوجی کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا۔ جمہوریہ قازقستان کے سفیر یرژان کِسٹافن نے کہا کہ یوریشیائی خطے کو بحیرہ عرب اور جنوبی ایشیا سے جوڑنے کے لیے قدرتی لنک کے طور پر پاکستان کا کردار اہم ہے۔ بعدازاں مریم نواز شریف نے گورنمنٹ ہائی سکول 95/9ایل، ساہیوال میں ٹیچر پر تشددکے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کمشنر ساہیوال سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزمان کی جلد گرفتاری کاحکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمی سکول ٹیچر کو بہترین طبی امداد مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سکول پر لڑکوں کے حملے کی شدید مذمت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سکول پر حملہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ مریم نواز شریف نے تھیلیسیما کے مرض سے آگاہی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ تھیلیسیمیا ڈے کامقصد عوام میں اس مرض سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کیلئے خون کی تبدیلی کے عمل سے گزرنا تکلیف دہ ہے۔