آٹا، پیاز کے نرخ 40 سے 80 فیصد تک کم، پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع
لاہور‘ کراچی‘ پشاور (نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) لاہور‘ کراچی‘ پشاور سمیت ملک بھر میں آٹے اور پیاز کی قیمتیں 40 سے 80 فیصد تک کم ہو گئی ہیں جبکہ پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع ہو گیا ہے۔ بھارت سے پیاز کی برآمد کھلنے اور ملک میں جاری گندم بحران کے باعث ملک میں پیاز اور آٹے کی قیمت میں کمی آنے لگی۔ کراچی میں کئی ماہ تک دو سو سے ڈھائی سو روپے فی کلو بکنے والی پیاز 100 سے ایک 120 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگی۔ لاہور میں پیاز 80 سے 100 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان اور سوات میں ایک کلو پیاز 120 روپے اور سکھر میں 130روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ دوسری جانب گندم بحران کے بعد کراچی میں چکی کا آٹا 160 روپے کلو سے کم ہوکر 140 روپے فی کلو ہوگیا۔ فلور ملز کا ڈھائی نمبر آٹا 120 روپے فی کلو سے کم ہو کر 100 روپے فی کلو ہوگیا۔ پشاور میں آٹے کی 20 کلو کی بوری کی قیمت 800 روپے کم ہوگئی جبکہ چاول پر 50 روپے فی کلو تک کمی دیکھی گئی۔ وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ لاہور ڈویژن میں 10 کلوگرام آٹے کی قیمت میں 500 سے 600 روپے تک واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ صوبائی وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ لاہور ڈویژن میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 800 روپے میں دستیاب ہے، فیصل آباد ڈویژن میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 830، سرگودھا میں 800 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ ساہیوال ڈویژن میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 820 روپے، گجرات میں 850 روپے، ڈی جی خان میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے اور بہاولپور میں 870 میں مل رہا ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ دس کلو آٹے کا تھیلا گوجرانوالہ میں 900 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، ملتان ڈویژن میں 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 900، راولپنڈی میں 900 روپے میں دستیاب ہے۔ ادھر ڈائریکٹوریٹ صنعت کی طرف سے پنجاب کے 36 ڈپٹی کمشنرز کو اس حوالے سے مراسلہ جاری کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرز کو چینی، چاول، دالوں،کھاد و دیگر کاروبار کرنے والے افراد کی فہرست بھی فراہم کر دی گئی جبکہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث 40 افراد کے سٹورز سیل کرنے کے احکامات بھی جاری کرد یئے گئے۔ دوسری جانب ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ سرکاری اداروں نے ایسی افراد کی فہرست دے دی جن کا بڑا کاروبار ہی نہیں ہے، بڑے بڑے ذخیر اندوز ایک بار پھر بچ نکلے۔