ازبک وزیر خارجہ کی شہباز شریف، اسحاق ڈار سے ملاقاتیں، دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (خبر نگارخصوصی) ازبک وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزارت عظمی کے منصب پر دوسری مرتبہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ازبک وزیر خارجہ نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کی طرف سے شہباز شریف کو ازبکستان کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ان سے ملاقات کے منتظر ہیں۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارت، معیشت، سکیورٹی، دفاع، سماجی روابط اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں افغانستان میں دیرپا امن اور ترقی کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ازبکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور دیگر منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ ازبکستان کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے باہمی مشاورت سے ایک مؤثر لائحہ عمل تشکیل دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ ازبکستان- افغانستان- پاکستان ریلوے منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کی جلد تکمیل کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف کی دفتر خارجہ آمد پر ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ ازبک وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط دوستانہ تعلقات ہیں، ازبکستان کے ساتھ تجارت، معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں۔ ازبک وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے کہا کہ پاکستان آ کر بہت خوشی ہوئی، پاکستان ہمارا دوسرا گھرہے، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔دریں اثناء نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانیہ کے ہائوس آف لارڈز کی رکن بیرونس سعیدہ وارثی نے بدھ کو یہاں وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔