حکومت محفوظ انتقال خون کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر قائم کریگی: خواجہ عمران نذیر
لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے انٹر نیشنل تھیلیسیمیا ڈے کے موقع پر سندس فاطمید فاؤنڈیشن اور سندس فاونڈیشن کے دفاتر گئے۔ صوبائی وزیر صحت کا دونوں فاؤنڈیشن کی انتظامیہ نے استقبال کیا۔ خواجہ عمران نذیر فاطمید فاؤنڈیشن اور سندس فاؤنڈیشن میں داخل تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے پاس فردا فردا گئے اور بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔عالمی دن برائے تھیلیسیمیا کے حوالہ سے سندس فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی خدمت میں مصروف ادارے، ڈاکٹرز، ورکرز فرشتہ سیرت ہیں۔ انکو سلیوٹ پیش کرتا ہوں۔ یہ دونوں ادارے تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ہر ڈویژن میں سٹیٹ آف دی آرٹ تھیلیسیمیا سنٹر قائم کیا جائے گا جہاں مریضوں کو صحت مند اور محفوظ انتقال خون کی سہولیات فراہم ہوسکیں گی۔ ہماری حکومت نے پہلی بار پنجاب میں تھیلیسیمیا پروگرام شروع کیا تھا۔ شادی سے قبل تھیلیسیمیا کا تشخیصی ٹیسٹ لازمی قرار دینا ہوگا۔اس حوالہ سے پنجاب اسمبلی میں اس حوالہ سے قانون سازی کے عمل کو تیز کریں گے۔ تھیلیسیمیا کا شکار بچے ہماری توجہ کے مستحق ہیں۔ان اداروں کے ساتھ ملکر ننھے بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیریں گے۔