• news

آئی جی پنجاب کی سب انسپکٹر کوبیٹے کو ایئر فورس میں اعزازی شمشیر ملنے پر مبارکباد 

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ائیر فورس کی ٹریننگ میں اعزازی شمشیر حاصل کرنیوالے نوجوان محسن خادم کے والد سب انسپکٹر خادم حسین سے اپنے دفتر میں ملاقات کی اور بیٹے کی شاندار کامیابی پرخصوصی مبارکباد دی۔ خادم حسین پاکپتن پولیس میں بطور سب انسپکٹر خدمات سر انجام دے رہا ہے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بیٹے کی اعلی تربیت اور بہترین تعلیم دلوانے پرسب انسپکٹر خادم حسین کو گلے لگایا،اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خادم حسین سے کہا کہ ائیر فورس میں سلیکشن، ٹریننگ کے کٹھن مرحلہ کو اعزاز کیساتھ مکمل کرنا باعث فخر ہے، محسن خادم کی شاندار کامیابی سے والدین کیساتھ ساتھ محکمہ پولیس کے وقار میں بھی اضافہ ہوا۔ مستقبل میں ایسی مزید کامیابیاں محکمہ کے حصہ میں آئیں گی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تھیلیسیمیا سے آگاہی کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ پنجاب پولیس تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے علاج معالجے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔تھیلیسیمیا میں مبتلا پولیس ملازمین کے بچوں کو خون کے عطیات فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، لاہور سمیت تمام اضلاع میں تھیلیسیمیا کیخلاف مصروف عمل اداروں کیساتھ بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کئے جا رہے ہیں۔ پولیس ملازمین کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو ہمارے پھول پراجیکٹ کے تحت طبی اخراجات کیلئے ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کیا جاتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن