• news

سٹاک مارکیٹ میں مندا، سرمایہ کاروں کے 46ارب 13کروڑ روپے ڈوب گئے

کراچی (کامرس رپورٹر) سرمایہ کاروں کی جانب سے پرافٹ ٹیکنگ کے باعث پاکستان سٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روز اتارچڑھاؤ کے بعد مندی پر اختتام ہوا۔ حصص کی آف لوڈنگ سے انڈیکس کے 73000پوائنٹس کی سطح کے استحکام میں مزاحمت کا باعث رہا۔ مندی کے سبب 54فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 46ارب 13کروڑ 59لاکھ 80ہزار 440روپے ڈوب گئے۔ سعودی ولی عہد کے ممکنہ دورہ پاکستان میں سرمایہ کاری معاہدوں پر دستخطوں کی توقعات، عالمی بینک سے قرضوں کے حصول کیلئے حکومتی سرگرمیوں جیسے عوامل سے کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا اور ایک موقع پر 318پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی لیکن اس دوران آٹو، سیمنٹ فرٹیلائزر ودیگر شعبوں کے حصص میں فروخت کا حجم بڑھنے سے جاری تیزی ایک موقع پر 403پوائنٹس کی مندی میں تبدیل ہوگئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر حصص کی دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 159.38 پوائنٹس کی کمی سے 72601.82 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ 

ای پیپر-دی نیشن