وزیراعظم کا اماراتی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سعودی وفد کا دورہ کامیاب بنانے پر وفاقی وزراء کو مبارک باد دی ہے۔ شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی سرمایہ کار وفد کی پاکستان آمد معاشی تعلقات کے حوالے سے اہم پیشرفت ہے۔ سعودی وفد کے سربراہ کی تعریف سن کر دل باغ باغ ہوگیا، وفد پاکستان سے خوش اور مطمئن ہوکر گیا۔ سعودی وفد کے سربراہ نے کہا کہ قدم قدم پر وزراء جس طرح گائیڈ کر رہے تھے انھوں نے ایسا تجربہ پہلے نہیں دیکھا، واپس جاکر رپورٹ کریں گے کہ پاکستان میں نیا دور دیکھا ہے۔ دوسری جانب، وزیراعظم اور متحدہ عرب امارات کے صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ وزیراعظم نے اماراتی صدر سے ان کے چچا کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ دونوں رہنماؤں نے برادر ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور باہمی طور پر متفقہ تاریخ پر جلد ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ چین اور برادر مسلم ممالک کے ساتھ تجارتی راہداری کے راستے کھلنا ہماری معیشت کے لیے خوش آئند ہے۔ اس سب سے ہمارے غربت، مہنگائی اور بیروزگاری سے جڑے مسائل کم ہو سکتے ہیں اور علاقائی امن و استحکام کی مثالی فضا استوار ہو سکتی ہے۔ یہ اچھی بات ہے کہ حکومت پوری سنجیدگی کے ساتھ معاشی مسائل حل کرنے میں لگی ہوئی ہے اور وزیراعظم اس سلسلے میں وزراء کے کام کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ اگر یونہی معاملات کو سدھارنے کے لیے کوششیں جاری رہیں تو امید کی جاسکتی ہے کہ جلد ہی ہماری معیشت پر دباؤ کم ہو جائے گا جس ہمیں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) جیسے اداروں کے قرض سے نجات حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔