انگلینڈ کیخلاف سیریز کی تیاری ‘ای سی بی ڈویلپمنٹ کیخلاف پریکٹس میچ آج
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں نے انگلینڈ کیخلاف سیریز کی تیاری کیلئے تیسرے دن بھی ٹریننگ کی ۔کھلاڑیوںنے گزشتہ روز مقامی وقت کے مطابق دن ایک بجے تک اپٹن اسٹیل کاؤنٹی گراؤنڈ میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔پاکستان ویمنز ٹیم آج اپنا پہلا پریکٹس میچ کھیلے گی۔ٹی ٹونٹی میچ ای سی بی ڈویلپمنٹ الیون کیخلاف مقامی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے اپٹن اسٹیل کاؤنٹی گراؤنڈ میں کھیلا جائیگا۔میچ کے اختتام پر پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم لیسٹر سے برمنگھم کیلئے روانہ ہو جائیگی۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ گیارہ مئی کو برمنگھم میں کھیلا جائیگا۔سیریز کا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 17 مئی جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 19 مئی کو کھیلا جائیگا۔پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے کہا ہے کہ اس وقت کوشش یہی ہے کہ پاکستان ویمن ٹیم میں کمبی نیشن بنائیں۔ ورلڈ کپ کی وجہ سے مختلف کمبی نیشن آزمائے۔ اب تک ہونے والی سیریز میں ہمیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔ انگلینڈ کیخلاف سیریز میں مشکل کنڈیشنز ہوں گی، مجھے لگتا ہے ہماری بیٹرز ہماری مضبوطی ہیں، ہم باؤنسی وکٹ پر اچھا کھیلتے ہیں۔ ویمن ٹیم میں ڈومیسٹک سٹرکچر اچھا ہوگا تو ہمیں نیا ٹیلنٹ بھی ملے گا۔ ویمن ٹیم میں فٹنس پر کام ہونا ضروری ہے۔