• news

معصوم بننے والے اصل ذمہ داروں کو حساب دینا پڑے گا: آرمی چیف

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سانحہ نو مئی میں ملوث عناصر اب ڈیجیٹل ٹیریزم کے ذریعے مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، مگر قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جمعرات کو لاہور گیریڑن کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے یادگار شہداء￿  پر پھول چڑھائے اور مادر وطن کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہداء￿  کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کور ہیڈ کوارٹرز میں گیریڑن آفیسرز سے آرمی چیف نے خطاب کرتے ہوئے افسران اور جوانوں کو ان کی قوم کیلئے خدمات پیش کرنے اور پیشہ ورانہ مہارت پر سراہا۔ آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے ڈیجیٹل ٹیریزم کر رہے ہیں اور مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، مگر قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ آرمی چیف نے اس بات پر بھی زور دے کر کہا کہ پاک فوج کا ہر سپاہی اور افسر کسی بھی دوسری وابستگی یا ترجیحات سے قطع نظر اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو اولیت دیتاہے اور روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ بلاشبہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن رہے گا جب دانستہ طور پر شرپسندوں نے شہدا ء￿  کی یادگاروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا۔ ان پرتشدد اور مذموم کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کے دشمنوں کو ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا۔ آرمی چیف نے افسوس کا اظہار کیا کہ اب وہی سازشی عناصر، ڈھٹائی سے بیانیہ کو توڑ مروڑ کر ریاست کو اس مذموم کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آرمی چیف نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ جنہوں نے تاریخ کا یہ سیاہ باب رقم کیا ہے، ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل، وہ معصوم لوگ جو اِن مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد کو نہیں سمجھ سکے اِن کو منصوبہ سازوں نے اپنی خواہشات کا ایندھن بنایا، اِن ورغلائے ہْوئے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے سے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا ہے، تاہم اِس گھناؤنے منصوبے کے اصل رہنما جو کہ اپنے آپ کو معصوم ظاہر کرتے ہیں، کو اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا خصوصاً جب اْن کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔ آرمی چیف نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو یقین دلایا کہ شہداء￿  اور ان کے اہلخانہ یا ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔  انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے آئے روز کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو ہماری کمزوری اور ہمارے صبر کو لامحدود نہ سمجھا جائے۔ بعد ازاں آرمی چیف نے لاہور گیریڑن میں جناح لائبریری کا افتتاح بھی کیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم  ایک تعمیری قوت کی حیثیت سے تخریبی قوتوں کی جانب سے بنائے گئے راکھ اور ملبے کے ڈھیروں پر اس پبلک لائبریری کو بنا کر قائد کی حرمت کو دوبارہ روشن کر رہے ہیں۔ قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر لاہور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) سانحہ 9مئی (یومِ سیاہ) پر افواجِ پاکستان نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نو مئی قومی سانحہ اور ملکی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے سانحہ 9 مئی (یوم سیاہ) پر ہونے والی مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری قومی تاریخ کے اس سیاہ دن، سیاسی طور پر محرک اور برین واشڈ شرپسندوں نے ایک بغاوت کی اور جان بوجھ کر ریاستی اداروں کے خلاف تشدد کا سہارا لیا۔ ان شرپسندعناصر نے جان بوجھ کر ریاست کی مقدس علامتوں اور قومی ورثے سے تعلق رکھنے والے مقامات کی توڑ پھوڑ کی، جس کا مقصد ملک میں خود ساختہ اور تنگ نظر انقلاب لانے کی ناکام کوشش تھی۔ عسکری قیادت پاکستان کی مسلح افواج نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تخریب کاروں اور ان کے سرغنوں کے ساتھ ساتھ ان کے منصوبہ سازوں کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنا دیا۔ ان شر پسند عناصر کا بنیادی مقصد افراتفری پھیلا کر عوام اور مسلح افواج کے درمیان تصادم کو ہوا دے کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا تھا۔ عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ قومی ہم آہنگی اور استحکام کو نقصان پہنچانے میں ناکام ہونے کے بعد، اس سازش کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور کرنے والوں نے مسلح افواج اور ریاست کے خلاف نفرت کی ایک مذموم مہم شروع کی۔ ان شرپسند عناصر نے بیانیہ کو توڑ مروڑ کر شرمناک طریقے سے خود کو بری الذمہ قرار دینے اور الزام  ریاستی اداروں پر ڈالنے کی بھی کوشش کی۔ انہی وجوہات کی بنا پر 9 مئی کے سانحہ کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور کرنے والوں کے ساتھ نہ تو کوئی سمجھوتہ ہو سکتا ہے اور نہ ہی انہیں قانون کی دھجیاں اڑانے کی اجازت دی جائے گی۔ عسکری قیادت نے کہا کہ 9 مئی کے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مستقبل میں کوئی بھی ہمارے ہیروز کی یادوں اور ہمارے اتحاد کی علامتوں کو اسی طرح کے  غلط طرز عمل کے ذریعے بے حرمتی کرنے کی جرات نہ کرے۔ آج کے دن پاکستان کی مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے اور پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے اپنے عزم کی تجدید کرتی ہیں۔ ہمارے شہداء￿  اور ان کے خاندان پاکستان کا فخر ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج اپنے وقار اور عزت کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کا عہد کرتی ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کا پاکستانی عوام کے ساتھ بہت خاص رشتہ ہے۔آئیے آج پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشوں کی پرزور مذمت کرنے اور اپنے پیارے ملک کی خوشحالی اور استحکام کے لیے مل کر کام کریں۔  پاکستان کی مسلح افواج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز(ملٹری) سے امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران مشترکہ دلچسپی کے امور بالخصوص علاقائی سلامتی کے معاملات میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے مشترکہ تربیت کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور CENTCOM اور پاک فوج کے درمیان تربیتی تعاملات کو بڑھانے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ معزز مہمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا اعتراف اور تعریف کی۔

ای پیپر-دی نیشن