• news

اسحاق ڈار سے قطری وزیر، سوئس سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو، تعلقات بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ  اسحاق ڈار سے گزشتہ روز قطری وزیر اور سوئس سفیر نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی اور دو طرفہ تعلقات بڑھانے  پر اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ڈاکٹر محمد بن عبدالعزیز الخلیفی نے جمعرات کو یہاں دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران انہوں نے دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے سمیت تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ فریقین نے مقبوضہ فلسطین کی سنگین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ خطے میں امن صرف 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک قابل عمل، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کے ذریعے ہی یقینی بنایا جاسکتا ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری، کلائمیٹ، سیاحت اور مائگریشن میں تعاون کو بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ان خیالات کا اظہار سوئٹزرلینڈ کے سفیر جارج سٹینر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو ان سے یہاں ملاقات کی۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان میں کاروبار کرنے والی سوئس کمپنیوں کو سراہا اور مزید سوئس کمپنیوں کو پاکستان میں خاص طور پر قابل تجدید توانائی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ 

ای پیپر-دی نیشن