گوادر: دہشت گردوں کی فائرنگ سے پنجاب کے ایک خاندان کے 7 مزدور قتل
کوئٹہ+ میاں چنوں (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) مسلح افراد نے گوادر میں رہائشی کوارٹر پر حملہ کردیا اور فائرنگ کرکے 7 افراد کو قتل کردیا۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد پنجاب سے آئے ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے سربندر کے علاقے میں فش ہاربر جیٹی کے قریب رہائشی کوارٹر پر حملہ کیا اور فائرنگ سے کوارٹر میں سوئے ہوئے 7 افراد کو قتل کردیا۔ واقعہ میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ اطلاع ملنے کے بعد لاشوں اور زخمی کو گوادر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق و زخمی افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے بتایا جاتا ہے، جو سربندر میں حجام کی دکان میں کام کرتے تھے۔ فائرنگ کا واقعہ تقریباً رات 3 بجے کے قریب سربندن میں پیش آیا۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے سربندن کو گھیرے میں لے کر نامعلوم ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق مارے جانے والے افراد کی شناخت ساجد، اسد، عنصر، شان، مقرب، عدنان، حسیب کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمی شخص کا نام ارسلان ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گوادر میں سات افراد کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے مقتولین کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دہشت گردی کا یہ واقعہ ملک دشمنوں کا بزدلانہ فعل ہے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پرعزم ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے گوادر میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے 7 افراد کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو نے گوادر کے علاقے سربندر میں بے گناہ مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ معصوم مزدوروں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے۔ واقعہ کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں، ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گوادر میں 7 محنت کشوں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بے گناہ مزدوروں کا سفاکانہ قتل کھلی دہشتگردی ہے۔ میاں چنوں سے نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق گوادر میں دہشت گردوں کا حملہ، ایک ہی خاندان کے 8 افراد کو دہشت گردوں نے نشانہ بنا ڈالا۔ میاں چنوں کے دو سگے بھائیوں سمیت 7افراد جاں بحق، ایک زخمی ہوگیا۔ مقتولین گوادر میں مزدوری کرتے تھے، مقتولین کے گھروں میں کہرام مچ گیا۔ گوادر میں انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں ضلع خانیوال سے تعلق رکھنے والے 8 افراد پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔ واقعہ میں میاں چنوں سے تعلق رکھنے والے 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جو مزدوری کی غرض سے وہاں موجود تھے۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو سگے بھائی اسد اور حسیب بھی دم توڑ گئے۔ مقتولین اسد، حسیب اور ساجد کا تعلق محسن وال جبکہ جاں بحق عنصر اور ذیشان کا تعلق گاؤں 89 پندرہ ایل سے اور زخمی ارسلان کا تعلق تلمبہ سے بتایا جا رہا ہے۔ زخمی ارسلان کی گزشتہ رات ہی منگنی ہوئی تھی، اور 27 مئی کو شادی ہونی تھی، مقتولین کے گھروں میں مقامی لوگوں کا رش لگ گیا جو افسوس کیلئے موجود ہیں۔ ورثاء کا کہنا ہے کہ ہمارے بچوں کو قتل کرکے بہت بڑی زیادتی کی گئی ہے۔