• news

 گوجرانوالہ:ماڈل ٹائون کو شہر کا خوبصورت ایریا بنانے کیلئے پلان تیار

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ماڈل ٹائون کو شہر کا ماڈل ایریا بنانے کیلئے ڈویلپمنٹ پلان تیار کرلیا، کروڑوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبہ جات مکمل کروائے جائیں گے جس کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ رکن قومی اسمبلی شاہد عثمان ابراہیم اور سابق ایم پی اے توفیق بٹ نے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ لینے کیلئے گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے غیاث الدین احمد اور دیگر افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ڈی جی نے اتھارٹی کی ورکنگ پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور منظور شدہ منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی، ڈی جی غیاث الدین احمد نے بتایا کہ عوامی نمائندگان کی ہدایات کے مطابق ان منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا جس کیلئے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا ہے۔ شاہد عثمان ابراہیم نے ہدایت کی کہ ماڈل ٹائون ڈویلپمنٹ پلان کے تحت دھلے چوک گوندلانوالہ روڈ سے لے کر ماڈل ٹائون پارک تک بائیں طرف سروس روڈ تعمیر کی جائے۔ اس کے علاوہ ماڈل ٹائون پارک کے اردگرد ٹف ٹائل لگائی جائے تاکہ اس کی خوبصورتی میں اضافہ ہو اور یہاں سیر و تفریح کیلئے آنے والوں کو سہولت ملے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹائون کے رہائشیوں کے مطالبے کے پیش نظر ماڈل ٹائون کی تمام اہم سڑکوں پر پیج ورک کا کام 30 جون تک مکمل کیا جائے تاکہ لوگوں کو آنے جانے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تمام مساجد، سکولوں اور کالجز میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں جہاں سے عام شہری بھی صاف پانی حاصل کرسکیں۔

ای پیپر-دی نیشن