ننکانہ : کرپشن‘ ناجائز حراست ‘ ناقص کارکردگی پر پولیس افسروں کو سزائیں
ننکانہ صاحب (نامہ نگار) ڈی پی او صاعد عزیز کا سپیشل انیشی ایٹو تھانوں کے ضابطہ کار کی خلاف ورزی کرنیوالے پولیس افسروں و ملازمین کے خلاف ایکشن۔ عوام کیساتھ بد سلوکی، کرپشن، ناجائز حراست اور ناقص کارکردگی پر پولیس افسران کو سخت سزاؤں کے احکامات جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق بے گناہ شہری کی غیر قانونی حراست اور کرپشن کے الزمات ثابت ہونے پر تھانہ سٹی ننکانہ میں تعینات T/ASI عرفان علی کو محکمہ سے برخاست کر دیا گیا۔ ناقص کارکردگی اور بے گناہ ملزم کو دوبارہ چالان کرنے کے عوض پر رشوت ڈیمانڈ کرنے پر ہیڈ کانسٹیبل محمد نعیم کو بھی محکمہ سے برخاست کر دیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی ننکانہ کی ناقص سپر ویژن پر ایک سال سروس ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ ڈی پی او نے ملزمان کی عدم گرفتاری، ملزمان کی ناقص تفتیش اور تفتیش کے بے جا التواء پر تھانہ سید والا کے سب انسپکٹر محمد الیاس کی ایک سال سروس ضبط کر لی۔ عوام سے بد سلوکی کرنے پر چوکی انچارج وزیر پور عاشق علی حیدر کی تنخواہ میں سالانہ اضافہ روک دیا گیا۔ عوام سے ناروا سلوک پر کانسٹیبل کاشف علی کی ایک سال سروس ضبط کر لی۔