ریاست کو فتنوں سے بچانے کیلئے پارٹی قیادت نے ہمیشہ کردار ادا کیا:عارف سندھیلہ
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ سانحہ نو مئی مشرقی پاکستان سے مختلف نہیں ہے جب تک اس میں ملوث ملزموں کو سزا نہیں مل جاتی وہ نت نئے طریقوں سے ریاستی اداروں پر حملہ آور ہوتے رہیں گے (ن) لیگ اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملکی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ریاست کو فتنوں سے بچانے کیلئے پارٹی قیادت نے ہمیشہ اپنا کلیدی کردار ادا کیا ۔پارٹی قیادت نے اپنے ہر دور اقتدار میں ملک کو استحکام کی جانب گامزن کیا اور ڈیفالٹ سے بچایا اور اب ملکی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کی جدوجہد کامیابی سے جاری ہے ملک دشمن عناصر کی سازشیں ناکام بنائی جائیں گی اور ملکی ترقی و خوشحالی کے جاری سفر کو رکنے نہیں دیا جائے گا، پاکستان کے عوام سانحہ نو مئی میں ملوث افراد کا کڑا محاسبہ چاہتے ہیں عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت پاکستان کو اندرونی عدم استحکام کا شکار کرنے اور افواج پاکستان اور عوام کو متصادم کرنے کی سازش رچانے والوں سے کوئی رعایت برتی نہیں جانی چاہئے۔