• news

پاکستانیوں کے دِل پر 9 مئی کو لگنے والا زخم آج بھی تازہ ہے ‘ مریم اورنگزیب 

لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان  و سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے 9 مئی کے سانحہ کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے ورثاء سے سے اظہار یکجہتی کیا ہے -اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی، ملک دشمنی اور نفرت کی سوچ نے 9 مئی کی ناپاک سازش کی -انہو ں نے کہا کہ محب وطن پاکستانیوں کے دِل پر 9 مئی کو لگنے والا زخم آج بھی تازہ ہے اور محب وطن پاکستانی، شہداء کے اہل خانہ کے دلوں پر 9 مئی کو لگنے والا زخم کبھی نہیں مٹے گا -دفاع کے اداروں، شہداء کی یادگاریں تقدس اور احترام کی علامت ہیں جن پر حملے کرکے دشمن کا ایجنڈا پورا کیاگیا -جن شہداء کی بہادری اور وطن سے وفا کی گواہی دشمن نے دی، ان کی یادگاروں پر حملے کرنے والے پاکستانی کہلانے کے حق دار نہیں -انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو مساجد، ایمبولینسز، سکولوں، نجی عمارتوں، ریڈیو پاکستان اور جناح ہاؤس سمیت کسی قومی اثاثے کا لحاظ نہ کیاگیا، یہ نفرت اور گمراہی کی انتہاتھی -انہوں نے کہا کہ پوری قوم، اداروں، میڈیا، سول سوسائٹی، دانشوروں، نوجوانوں سمیت سب کو مل کر اس منفی سوچ سے چھٹکارا پانا ہوگاتا کہ پاکستان ترقی کر سکے۔

ای پیپر-دی نیشن