سردار کے قتل کا بدلہ، کچے میں کلپر بگٹی قبیلے کے رضاکاروں نے 2 ڈاکو مار ڈالے، 7 زخمی
ڈی جی خان (نوائے وقت رپورٹ) کچے کے ڈاکو کلپر بگٹی قبیلے سے خوفزدہ ہو گئے۔ جو کام حکومت نہ کر پائی وہ بگٹیوں نے کر ڈالا۔ کلپر بگٹی قبیلے کے سردار عبدالرحمن کو قتل کیا گیا تھا۔ قبیلے کے لوگ قتل کا بدلہ لینے رونتی آئے اور جدید اسلحے کے ساتھ سنوشر گینگ کے دو ڈاکو قتل اور سات ڈاکوؤں کو زخمی کر دیا۔ سنوشر گینگ کو کلپر بگٹی قبیلے کو حلفیہ بیان دینا پڑا کہ سردار عبدالرحمن کو قتل نہیں کیا۔ آگ پر چل کر بھی صفائی دینے کی پیشکش کر دی۔ ذرائع کے مطابق بگٹی قبیلے کے لوگ سیاسی رہنماؤں اور پولیس حکام کی یقین دہانیوں پر رونتی کے علاقے سے واپس جانے پر تیار ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سردار عبدالرحمن کے قتل میں سنوشر کی بجائے راجب گینگ ملوث ہے۔ ڈی پی او رحیم یار خان رضوان گوندل نے کہا بگٹی قبیلے کے رضا کاروں کو دو روز بعد واپس بھیج دیا تھا۔