’’پاکستان کو ناراض کیا تو ایٹم بم گرا دے گا‘ کانگریس رہنما کے انٹرویو پر بی جے پی برہم
نئی دہلی (این این آئی) بھارت کی سیاسی جماعت کانگریس کے سینئر رہنما منی شنکر ائیر نے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے ورنہ ملک کو بھاری قیمت چکانا پڑ سکتی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق منی شنکر ائیر کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ایٹمی بم ہیں جنہیں اگر ہماری حکومتوں نے ناراض کیا تو وہ بھارت پر گرا سکتا ہے۔ بھارتی سیاست دان کا یہ انٹرویو وائرل ہوا تو ان پر تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ آپ کو ان سے بات کرنی چاہیے لیکن اس کے بجائے ہم اپنی فوجی طاقت دکھا رہے ہیں جو صرف کشیدگی میں اضافہ کر رہی ہے۔ بھارت کو پاکستان کی عزت کرنی چاہئے۔ لیکن اگر کوئی ’’دیوانہ‘‘ لاہور پر بم گرانے کا فیصلہ کر لے تو تابکاری کو امرتسر پہنچنے میں 8 سیکنڈ نہیں لگیں گے۔ دوسری جانب حکمران جماعت کی جانب سے کانگریس کے رہنما پر تنقید کی گئی ہے۔ بی جے پی ترجمان نے ردعمل میں کہا یہ بھارت کیلئے کانگریس کے نظریہ کی عکاسی کرتا ہے۔