• news

خیبر پی کے: گورنر راج نہیں لگاؤں گا‘ آئیں مل کر حقوق کیلئے لڑتے ہیں‘ فیصل کنڈی

پشاور (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) ورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ میں کبھی گورنر راج نہیں لگاؤں گا، میں اپنے صوبے کی جنگ وفاق میں لڑوں گا، صوبائی حکومت کو کہا کہ آئیں ایک فورم پر مل کر صوبے کے حقوق کیلئے لڑتے ہیں۔ ڈی آئی خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ  لگتا ہے کہ یہ ویسے سبق نہیں سیکھیں گے، لتر لگنا ضروری ہیں، کل علی امین نے گورنر ہاؤس پر قبضہ کی بات کی، میں آج تمہیں چیلنج دیتا ہوں، کل آؤ قبضہ کرو، میں تمہیں سڑکوں پر گھسیٹوں گا۔ تم اپنے لیڈر کو جیل سے نہیں چھڑا سکتے۔  فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمیشہ باتیں کرتے تھے، اب پانچ سال کیلئے روزے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ثابت ہوا جمہوریت بہترین انتقام ہے، پیپلز پارٹی نے ثابت کیا کہ ورکروں کو آگے لاتی ہے، پیپلز پارٹی نے ایک ورکر کو وفا کا صلہ دیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سندھ میں بلاول بھٹو زرداری نے علی امین کو کھانا بھجوایا، سکھر میں تین وقت کا کھانا خورشید شاہ کی طرف سے آیا کرتا تھا۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کے پی کے نے کہا کہ جو آئین کو نہیں مانتے ان کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوں گے، جو کہتے ہیں معافی نہیں مانگتے انہیں معافی مانگنا ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن