• news

اقوام متحدہ: فلسطین کو آزاد ریاست قرار دینے کی قرارداد منظور: غزہ، دھماکہ، 4 اسرائیلی فوجی ہلاک

تل ابیب+ نیویارک (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) رفح شہر میں آپریشن کو روکنے کے حوالے سے امریکی دبائو کا واضح جواب دیتے ہوئے اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے دشمنوں اور دوستوں کے ساتھ بات چیت کے انداز میں کہا ہے کہ ان کا ملک غزہ کی پٹی میں اپنے مقصد کے حصول کے لیے جو ضروری ہو گا وہ کرے گا۔ امریکہ بموں کی فراہمی روکنے کے باوجود مستقبل قریب میں اسرائیل کو اربوں ڈالر مالیت کا اسلحہ دے گا۔ اسرائیل نے یقین دلایا ہے وہ رفح میں حماس کو شکست دینے کے لئے آپریشن نہیں کرے گا۔ یہ بات ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہی۔ حماس کے مکمل خاتمہ کے لئے زمینی جنگ ضروری نہیں۔ اسرائیل کو وہ سارا کچھ مل رہا جو وہ اپنے دفاع کے لئے ضروری سمجھتا ہے۔ رفح سٹی کے مغرب میں اسرائیلی بمباری سے 4 فلسطینی شہید، 16 زخمی ہوگئے۔ عراقی ملیشا نے اسرائیلی نیواتیم اڈے پر ڈرون حملہ کیا ہے۔ نیتن یاہو نے کہا ہمیں تنہا کھڑاہونا پڑا تو بھی رفح پر حملے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہمارے پاس بہت کچھ ہے، کامیابی حاصل کریں گے۔ اقوام متحدہ میں فلسطین کو آزاد اور خودمختار ریاست قرار دینے کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کر لی گئی۔ قرارداد کے حق میں 143 ممالک نے ووٹ دیا جبکہ 9 نے مخالفت کی۔ قرارداد متحدہ عرب امارات کی جانب سے پیش کی گئی۔ فلسطینی مبصر ریاض منصور نے کہا کہ اسرائیل کیخلاف قرارداد تاریخی عمل، مشکلات کے باوجود ہم زندہ اور پرچم بلند ہے۔ اماراتی سفیر نے کہا فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت کا حق حاصل ہے۔ روسی مندوب نے کہا ہے کہ اسرائیل کی طرح فلسطین کو بھی اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت ملنی چاہئے۔ امریکہ اسرائیل کی حمایت اور فلسطینیوں کے حقوق سے چشم پوشی کی طرف گامزن ہے۔ جنوبی لبنان سے اسرائیل پر چالیس راکٹ فائر کئے گئے۔ غزہ پٹی میں دھماکہ سے 4 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے۔ دھماکہ شمالی علاقہ حئی الزیتون میں ہوا۔ افسر سمیت 2 فوجی شدید زخمی ہو گئے۔حماس ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل نے ثالثی ممالک کی پیش کردہ تجاویز کو مستردکردیا۔ مذاکراتی حکمت عملی پر نظرثانی کے لئے دیگر فلسطینی جماعتوں سے صلاح مشورہ کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن