• news

پنجاب کے سب سے بڑے عہدے پر جیالے کو دیکھ کر بہت مزہ آ رہا: بلاول

لاہور(نامہ نگار )  چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اتنے عرصے بعد پنجاب کے سب سے بڑے عہدے پر ایک جیالے کو دیکھ کر بہت مزہ آ رہا ہے، آپ سب کو مبارک ہو یہ ملک کے لیے بھی بہت ضروری ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ سپیس واپس لے جو ایک سیاسی کارکن کی ہوتی تھی، آج کے سیاسی کارکن کی جو سپیس ہے وہ تو ٹک ٹاکرز نے لے لی ہے اور سیاسی کارکن پیچھے چلا گیا ہے، وہ گزشتہ روزگورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔بلاول بھٹو نے نو منتخب گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں انقلاب اور تبدیلیاں سیاسی ورکر لے کر اتے ہیں ہمارے عوام کے درمیان ایک نفرت کی سیاست کو فروغ دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سردار سلیم حیدر کی ذمہ داری ہے کہ پورے پنجاب اور پاکستان کے سیاسی ورکرزکو عزت دیں ۔  سیاسی کارکنوں کے لیے ایک اچھا پیغام ہے کہ جو محنت کرے گا وی سب سے اچھا عہدہ حاصل کر سکتا ہے۔ پنجاب کی نوکر شاہی ،پولیس اور انتظامیہ کو اب پتہ ہونا چاہیے کہ کسی جیالے سے ناانصافی  ہوگی تو گورنر پنجاب اسے انصاف دلائیں گے۔ وہ عوام کی اواز بنیں گے اور صوبے کے عوام کی نمائندگی کریں گے اور جب بھی ہمارے عوام چاہے وہ غریب مزدور، کسان ہو وکیل ہو یا کوئی دیگر طبقہ تکلیف میں ہوں تو ان کے لیے عوامی گورنر حل نکالیں گے اور ان کی بات سنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ غریب، مظلوم کسان اور وکیل کی آواز بنیں تو آنے والے الیکشن میں عوام آپ کے ساتھ ہوں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عام طور پر یہ تاثر ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی پنجاب سے توجہ ہٹ گئی ہے مگر سردار سلیم حیدر کے حلف سے یہ بات غلط ثابت ہوئی ہے  جہاں سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پنجاب تنظیم کے رہنماؤں راجہ پرویز اشرف اور دیگر سے میٹنگ میں ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ راجہ پرویز اشرف 100 دن میں پنجاب کی تنظیم سازی اور ریشفلنگ کریں گے اس میں پی ایس ایف اور پی وائی او کے بچوں اور خواتین کو بھی ساتھ لے کر چلیں ۔

ای پیپر-دی نیشن