• news

کاروبار دوست تجارتی پالیسی تیار کرنے کی ضرورت: وزیراعظم

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاروبار میں آسانی اور سہولت پر مشتمل تجارتی پالیسی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت تجارت کے شعبے سے متعلق اہم جائزہ اجلاس ہوا جس میں شرکاء  کو بریفنگ دی گئی اور تجارت کے شعبے کے حوالے سے امور پر غور بھی کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں کاروبار میں آسانی اور سہولت پر مشتمل تجارتی پالیسی تیارکرنے کی ضرورت ہے، ملکی برآمدات کو مزید مسابقتی بنانے کے حوالے سے فوری اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ غیر روایتی اشیاء  کی برآمدات کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں، تجارت اور کاروباری پالیساں بناتے ہوئے نجی شعبے سے مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں نجی شعبے اور صنعت کا کردار انتہائی اہم ہے، برآمدکنندگان کے مصدقہ ڈیوٹی ڈرابیکس فوری ادا کیے جائیں، ملکی آٹو سیکٹر کی ترقی کے لئے ڈیلیشن پالیسی پر عمل درآمد کرایا جائے۔ وزیراعظم نے اجلاس کے دوران ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران کی کارکردگی جانچنے کے لئے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی بھی تاکید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے ٹریڈ افسران کی پذیرائی ہو گی جبکہ خراب کارکردگی دکھانے والے افسران کی سخت سرزنش اور عہدوں سے ہٹایا جائے گا۔ برآمدی شعبے کا ہر ماہ میں دو دفعہ خود جائزہ لوں گا۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین سروس لانگ مارچ ٹائرز گروپ جن یانگشینگ نے لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چیئرمین سروس لانگ مارچ ٹائرز گروپ نے وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا کہ کمپنی پاکستان میں 300 ارب روپے کی مزید سرمایہ کاری کرنے جارہی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو مزید سہولت فراہم کرنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین سروس لانگ مارچ ٹائرز گروپ نے مزید بتایا کہ سرمایہ کاری کے بعد 2025 میں کمپنی پاکستان سے 100 ملین ڈالر کے ٹائر برآمد کر سکے گی اور اس سرمایہ کاری سے پاکستان میں تقریباً ایک ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی سرمایہ کاری و کاروبار دوست پالیسیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ٹائرز کی سمگلنگ کے سدباب کیلئے حکومتی اقدامات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے سروس لانگ مارچ ٹائرز کے پاکستان میں اپنے آپریشنز کو وسعت دینے کے اقدام کا خیر مقدم کیا۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی دنیا میں مثال نہیں، پاکستان اور سعودی عرب امن اور خوشحالی میں پارٹنر ہیں۔ سعودی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی ولی عہد پاکستان سے تعلقات میں انتہائی مخلص ہیں، محمد بن سلمان نے سعودی عرب کا نقشہ بدل کر رکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 8 برسوں میں سعودی ولی عہد نے مثالی کامیابیاں حاصل کیں جو ان کی مدبرانہ فراست و مثالی قیادت کے سبب ہی ممکن ہو سکی ہیں، شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت کا وژن 2030 پیش کیا جو دنیا کے لیے ایک مثالی نمونہ ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ محمد بن سلمان کی پالیسیاں مجھ سمیت تمام لیڈروں کیلئے مشعل راہ ہیں، سعودی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان انتہائی نتیجہ خیز ثابت ہوا۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کا کوئی بھی وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے غیرملکی دورے کا آغاز سعودی عرب سے کرتا ہے، اس طرح یہ ایک روایت بن گئی ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک سعودیہ تعلقات برسوں پر محیط ہیں، ہمارے غم و خوشی مشترکہ ہیں، ہم کامیابی اور ترقی کے بھی ساتھی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن