• news

پاک چین دوستی ،ستھیال ویلفیئر ایسوسی ایشن کا نوائے وقت گروپ کو خراج تحسین

لاہور (نیوز رپورٹر)ستھیال ویلفیئر ایسوسی ایشن پنجاب کا اہم اجلاس رانا انتظا ر علی کے زیر صدارت حافظ آباد میں ہوا جس میں پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ نوائے وقت کی جانب سے بی آر آئی کالم کی 60 ویں قسط کی اشاعت کے موقع پر محترمہ رمیزہ مجید نظامی، کرنل ریٹائرڈ سیداحمد ندیم قادری، خاور عباس سندھو اور انکی تمام ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور مبارکباد پیش کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ نوائے وقت چین کے اس عظیم الشان پروگرام کی تفصیلات سے پاکستان کے لوگوں کو آگاہ کرنے کیلئے عظیم خدمات انجام دے رہا ہے جس سے دنیا کے 150  سے زیادہ ممالک اور 30 سے زیادہ  بین الاقوامی آرگنائزیشنز مستفید ہو رہی ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا انتظار علی نے کہا بی آر آئی حقیقت میں بین الاقوامی تعاون کیلئے دنیا کا سب سے بڑا وسیع پلیٹ فارم ہے‘ اس منصوبے سے پاکستان کے 2لاکھ 36ہزار لوگوں کو روزگار ملا، 510 کلومیٹر ہائی وے سڑکیں تعمیر ہوئیں‘ چیئرمین ستھیال ویلفیئر ایسوسی ایشن پنجاب لالہ محمد یوسف اور محمد شرجیل  ایڈووکیٹ ہائیکورٹ نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان اور چین کی وسیع دوستی کا واضح ترجمان بن چکا ہے۔ سید عارف بخاری وائس چیئرمین ستھیال نے کہا چین کا یہ منصوبہ اب تک 8ہزار  میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت حاصل کرچکا ہے۔ 886 کلو میڑ ٹرانسمشن لائن نیٹ ورک بنا چکا ہے دیگر شرکاء نے کہا کہ یہ منصوبہ پاک چین دوستی کی شاندار مثال ہے ۔اجلاس میں ساجد وسیم، شبیر حسین رانا اکبر، ڈاکٹر زاہد نذیر، محمد طارق محمود ودیگر ممبران نے شرکت کی۔ بعدازاں اجلاس میں نوائے وقت گروپ کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن