وزیر اعلیٰ مریم نوازنے نواز شریف کا عوامی خدمت کا ویژن پورا کردیا، خواجہ عمران نذیر
لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کے عوامی خدمت کے ویژن کو آج وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پورا کر دکھایا ہے۔وزیراعلیٰ نے فیلڈ ہسپتالوں، صحت کی دستک عوام کی دہلیز پر، رورل ایمبو لینس سروس اور کلینکس آن ویلز جاری کرکے 8ہفتے میں ترقیاتی منصوبوں کا ڈھیر لگا دیا ہے۔مریم سپیڈ نے سب کو مات دیدی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار حضوری باغ میں کلینکس آن ویلز منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا یہ منصوبے پنجاب کے اربن سلمز میں شروع کیا جارہا ہے جو شہری گنجان علاقوں میں سالانہ 40 لاکھ افراد کو طبی سہولیات فراہم کرے گا۔خواجہ عمران نذیر نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری صحت علی جان خان اور محکمہ صحت کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور مبارکباد دی۔