قصور: اراضی کے تنازعہ پر بھانجوں کی فائرنگ سے ماموں قتل
قصور (نمائندہ نوائے وقت) نواحی علاقہ منڈی ڈھولن میں اراضی کے تنازعہ پر بھانجوں نے فائرنگ کر کے سگے ماموں کو قتل کردیا۔ملزمان سجاد انور اور سیف الملوک اور ان کے ماموں کے مابین زمین کا تنازعہ چلا آ رہا تھا کہ گزشتہ روز اسی بات پر جھگڑا ہوا تو ملزموں نے فائرنگ کر دی جس سے تریپن سالہ حسن زخموں کے تاب نہ لاتے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس تھانہ کھڈیاں خاص نے موقع پر پہنچ کر مقتول کی نعش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور منتقل کردیا۔پولیس نے مقتول کے بیٹے کی مدعیت میں ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا۔