• news

اذلان شاہ، ہاکی کپ، پاکستان ناقابل شکست، جاپان سے فائنل آج

لاہور(سپورٹس رپورٹر)اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر ہوگیا۔ ملائیشیا کے شہر ایپو میں جاری اذلان شاہ ہاکی کپ کے آخری راؤنڈ میچ دلچسپ اور سنسنی خیز رہا، دو کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی، کیوی ٹیم کو دو پنالٹی کارنر بھی ملے لیکن وہ کوئی فائدہ نہ اٹھا سکے، پاکستان کو بھی گول کرنے کے موقع ملے لیکن کامیابی نہیں ملی۔ تیسرے کوارٹر کے چھٹے منٹ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلا گول کرنے میں کامیاب ہوئی لیکن 8  منٹ بعد ہی ابوبکر محمود نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ برابر کردیا ۔تیسرے کوارٹر میں پاکستان ٹیم کو کئی اوپن چانس ملے لیکن نیوزی لینڈ کی دفاعی لائن نے تمام حملے ناکام بنادیئے۔ چوتھے کوارٹر میں بھی دونوں ٹیموں نے برتری حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن گول نہ کرسکیں۔واضح رہے کہ پاکستان ٹیم پہلے ہی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکی ہے، فائنل میں پاکستان کا مقابلہ جاپان سے ہوگا، پاکستان نے آخری بار 2003 ء میں اذلان شاہ ہاکی کپ جیتا تھا۔پاکستان اور جاپان کی ٹیموں کے درمیان ایونٹ کا فائنل آج پاکستان وقت کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے کھیلا جائیگا۔ سابق قومی اولمپئنز نے اذ لان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ فائنل کیلئے پاکستان ٹیم کو فیورٹ قرار دیدیا۔سابق کپتان اولمپئن اصلاح الدین صدیقی نے کہا ہے کہ خوش آئند بات ہے کہ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے۔ ان کو لگتا ہے کہ پاکستان فائنل میں ایک کے مقابلے میں دو یا پھر تین گول سے جیت سکتا ہے۔انہوں نے ٹیم کو مشورہ دیا کہ دباؤ لینے کی قطعی کوئی ضرورت نہیں۔ اولمپئن قمر ابراہیم نے کہا کہ پاکستان ٹیم عالمی درجہ بندی میں جاپان سے آگے ہے، اور یہ بات پاکستان ٹیم کیلئے حوصلہ افزاء ہے۔ جاپان کیخلاف فائنل سے قبل قومی ٹیم نے بہترین ہاکی کھیلی، اور انہیں لگتا ہے کہ فائنل میں جاپان کیخلاف قومی ہاکی ٹیم جیت کیلئے فیورٹ ہے۔ جاپان نے آخری پول میچ میں کینیڈا کو 1-3 سے شکست دیدی۔ جاپان نے کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا کر 13 پوائنٹس کیساتھ ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔جاپان نے 5  میچز میں سے  4 میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ ڈرا کھیلا، پاکستان ٹیم 11 پوائنٹس کیساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

ای پیپر-دی نیشن