غیر ملکی ٹیمیں پہنچ گئیں ‘سنٹرل ایشین والی بال لیگ ٹرافی کی رونمائی ‘مقابلے آج سے شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر)سنٹرل ایشین والی بال لیگ میں شرکت کیلئے غیر ملکی ٹیمیں پہنچ گئیں۔میگا ایونٹ میں شرکت کرنے کیلئے ایران، سری لنکا، کرغزستان اور ترکمانستان کی ٹیمیں اسلام آباد پہنچ گئی ہیں، افغانستان کی ٹیم بھی گزشتہ رو ز پہنچ گئی، ایشین والی بال لیگ میں چھ ممالک ایکشن میں دکھائی دیں گے۔سینٹرل ایشین والی بال لیگ کی ٹرافی کی رہنمائی گزشتہ روز ہوئی۔ تمام ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی تقریب میں شرکت کی۔ سینٹرل ایشین والی بال لیگ 11 سے 17 مئی تک اسلام آباد میں کھیلی جائیگی۔ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تین میچز کی سیریز 28 سے 30 مئی تک اسلام آباد میں کھیلی جائیگی۔ آسٹریلیا کی ٹیم 26 مئی کو پاکستان پہنچے گی اور 27 مئی کو پریکٹس کریگی۔قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لیاقت جمنازیم اسلام آباد میں جاری ہے جس میں کھلاڑی بھرپور محنت کر رہے ہیں۔غیرملکی ارجنٹائن کوچ روبن تربیت دے رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ پاکستانی کوچز سعید احمد، احسان اقبال اور محمداسماعیل تربیت دے رہے ہیں۔تربیت کیمپ میں 22کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ سعید احمد نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کے لئے جونیئر ٹیم کو بھی تیار کیا جا رہا ہے۔