کسانوں کے مظاہرے جاری‘ ملتان میں گندم کو آگ لگا کر احتجاج
لاہور+ فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) کسان اتحاد کی جانب سے گندم خریداری شروع نہ ہونے کے خلاف ملتان پریس کلب کے سامنے گندم کو آگ لگا کر احتجاج کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کسان اتحاد خالد کھوکھر نے کہا کہ آج سے ہم احتجاجی تحریک شروع کررہے ہیں جس کا نام زراعت بچاؤ، پاکستان بچاؤ ہے۔ حکومت ہمارے ساتھ دھوکہ نہ کرے سچ بولے، ہم سے پہلے کمٹمنٹ کی گئی کہ گندم کی خریداری کی جائے گی لیکن اب نہیں خرید رہے۔ خالد کھوکھر نے کہا کہ کاشت کار کو 1500 ارب روپے کا نقصان ہوا‘ ہم نے گندم 2700 روپے میں بیچی ہے، غریب کو بھی سارا سال اس قیمت پر گندم ملنی چاہیے۔ دریں اثناء فیصل آباد میں مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے کسانوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف ضلع کونسل چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے پہلے کسان مارچ بھی ہوا۔ شرکاء حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے جی ٹی ایس چوک سے ضلع کونسل چوک پہنچے جہاں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔