عارف والا پولیس کا نواب ٹاؤن میں چھاپہ، فائرنگ کا تبادلہ، اہلکار شہد، ملزم ہلاک
لاہور (نامہ نگار) پاکپتن سے آئی پولیس کے چھاپے کے دوران مقابلے میں کانسٹیبل شہید جبکہ اے ایس آئی زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں نواب ٹاؤن تھانہ کی حدود میں پاکپتن پولیس اور ایلیٹ فورس نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزموں نے فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجے میں پاکپتن پولیس کا کانسٹیبل خلیل احمد جاں بحق اور ایک اے ایس آئی عبدالغفور زخمی ہوگیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک اور ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت فیصل کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی اے ایس آئی عبدالغفور کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق عارفوالہ پولیس نے ایک کروڑ 13لاکھ روپے کا سالونٹ آئل چھیننے والے ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا۔ عارف والہ پولیس کے ہمراہ مقدمہ کا مدعی بھی موجود تھا۔ مطلوب ملزم یوسف بٹ کے بھائیوں نے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایلیٹ فورس اہلکار خلیل جاں بحق جبکہ اے ایس آئی عبد الغفور فائرنگ سے زخمی ہوا۔ عارف والہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے مطلوب ملزم یوسف بٹ کا بھائی فیصل ہلاک ہوا۔ مطلوب ملزم یوسف بٹ گھر پر موجود نہیں تھا۔ فائرنگ کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ سالونٹ آئل چھیننے کا واقعہ صدر عارفوالہ میں 9 مارچ کو رپورٹ ہوا تھا۔ دریں اثنا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس اہلکار کی شہادت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔